امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پیغام لے کر جے ڈی وینس نے ایران تنازع پر ثالثوں سے گزشتہ روز بات چیت کی اور انہیں سخت پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ صدر کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جے ڈی وینس منگل تک تنازع پر ثالثوں سے بات چیت کرتے رہے ہیں، صدر ٹرمپ نے جے ڈی وینس کو نجی طور پر پیغام پہنچانے کی ہدایت دی تھی۔
امریکی صدر ٹرمپ نے پیغام بھیجا کہ وہ کچھ امریکی مطالبات پورے ہونے پر جنگ بندی پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں، ان مطالبات میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے ڈی وینس نے سخت پیغام پہنچایا کہ ٹرمپ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے، وینس نے خبردار کیا کہ جب تک ایران معاہدہ نہ کرلے دباؤ بڑھاتے رہیں گے۔
دوسری جانب ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست کا بیان غلط اور بے بنیاد ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست کرنے کے ٹرمپ کے بیانات غلط اور بے بنیاد ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی حکام نے جنگ بندی کی خبروں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کسی عارضی وقفے نہیں بلکہ جنگ کے مکمل خاتمے کا خواہاں ہے۔