کراچی کے ڈیفنس فیز 7 ایکسٹینشن سے ڈرم میں ملنے والی مردہ خاتون کی شناخت ہو گئی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق مرنے والی خاتون کی شناخت 25 سے 30 سال کی حسینہ کے نام سے ہوئی ہے، جو قیوم آباد کی رہائشی تھی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ خاتون کی حضرت اللّٰہ نامی شخص سے دوستی تھی جس کے ساتھ وہ قیوم آباد میں رہائش پزیر تھی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق خاتون کا ایک جاننے والا شعیب اور حضرت اللّٰہ مفرور ہیں، دونوں مبینہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کی جانب سے خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا۔
خاتون کی شناخت کے لیے ڈی این اے کے نمونے پولیس کے حوالے کیے گئے تھے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا تھا کہ خاتون کی لاش 4 سے 5 دن پرانی ہے۔
دوسری جانب سے پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کی شناخت کے لیے فنگر پرنٹس حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم لاش زیادہ مسخ ہونے کی وجہ سے فنگر پرنٹس حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈیفنس فیز سیون میں خالی پلاٹ میں رکھے ڈرم سے خاتون کی لاش ملی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی جانب سے موقع پر پہنچ کر لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔