مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2018ء میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے ن لیگ سے لیول پلیئنگ فیلڈ چھینی تھی۔
شکرگڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 2018ء میں پی ٹی آئی چیئرمین ثاقب نثار کے لاڈلے تھے اور 2024ء میں نواز شریف 24 کروڑ عوام کا لاڈلہ ہو گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ 2018ء میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے پانامہ کی سازش سے نواز شریف کو انتخابی سیاست سے باہر رکھا، اِس وقت نواز شریف کے مخالفین کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ ترقی کے ہر منصوبے میں ن لیگ کی مہر لگی ہے، پیپلز پارٹی نہیں کہہ سکتی کہ وہ پاکستان کو کراچی جیسا بنا دے گی جبکہ پی ٹی آئی نہیں کہہ سکتی کہ وہ پاکستان کو پشاور جیسا بنا دے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ کہہ سکتی ہے کہ وہ پورے پاکستان کو لاہور جیسا بنا دے گی۔