• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعتِ اسلامی میں کرپشن فری پاکستان بنانے کی صلاحیت ہے: سراج الحق

امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق، فائل فوٹو
امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق، فائل فوٹو

امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ کل سب نے دیکھ لیا کہ عوام کسی فرد یا جماعت کے غلام نہیں، جماعتِ اسلامی میں ہی عوام کو کرپشن فری پاکستان بنانے کی صلاحیت ہے۔

سراج الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی ملک بھر میں عوام کی ترجمانی کر رہی ہے، عوام جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں تو قائد اور اقبال کا پاکستان دیں گے اور اگلا وزیرِ اعظم جماعتِ اسلامی کا ہو گا۔

اُنہوں نے کہا کہ غزہ مارچ میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد شریک تھی، فلسطینی بچے پکار پکار کر ہم سے کہیں گے کہ ان کی مدد کیوں نہیں کی گئی۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ کل کرکٹ میچ کے فائنل میں ایک غیر مسلم آسٹریلوی نوجوان نے میلہ لوٹ لیا، آسٹریلوی نوجوان نے دنیا بھر کے سامنے کرکٹ کے میدان میں فلسطین کے حق میں آواز بلند کی۔

اُنہوں نے کہا کہ اسرائیلی غاصب فوجیوں نے غزہ میں شیر خوار بچوں کو بھی شہید کر دیا، اگر تمام ادارے اپنا اپنا کام کرتے تو پاکستان کبھی تقسیم نہ ہوتا لیکن بد قسمتی سے آج کوئی بھی شخص اپنے کام کا نہیں سوچتا۔

سراج الحق  نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں یکساں حصہ لینے کا موقع دیا جائے ۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں کروڑوں بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، تھر میں ہر سال ہزاروں بچے غذائی قلت کی وجہ سے انتقال کر جاتے ہیں۔

امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کروڑوں بچے خوراک اور تعلیم سے محروم ہیں،نگراں حکومت نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے،مہنگائی کے ہاتھوں فاقوں پر مجبور ہو گئے ہیں ۔

اُنہوں نے زور دیا کہ اس وقت ملک میں شفاف انتخابات کی ضرورت ہے، آئندہ الیکشن میں جماعتِ اسلامی ہر حلقے سے امیدوار کھڑے کرے گی۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ آئین میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار متعین ہے، فوج کا کام ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے، فوج کسی پارٹی کی نہیں 25 کروڑ عوام کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید