• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٍٍکرن جوہر کا ادیتیا چوپڑا اور رانی مکھرجی کی شادی کے حوالے سے حیران کن انکشاف

بالی ووڈ کے معروف فلم ساز، اداکار اور ٹیلی ویژن پرسنالٹی کرن جوہر نے فلم ڈائریکٹر و پروڈیوسر ادیتیا چوپڑا اور رانی مکھرجی کی شادی کے حوالے سے حیران کن انکشاف کیا ہے۔

کرن جوہر کے مطابق انہوں نے اس معاملے میں اپنی والدہ سے جھوٹ بولا تھا۔ اپنی میزبانی میں ہونے والے بھارتی ٹیلی ویژن کے معروف پروگرام ’کافی ود کرن‘ کی ایک نئی قسط میں کرن نے رانی مکھرجی اور ادیتیا کی شادی کے حوالے سے دلچسپ باتیں شیئر کی ہیں۔ 

یاد رہے کہ ادیتیا چوپڑا نے 2014 میں رانی مکھرجی سے شادی کی تھی۔

تاہم دونوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھا اور کبھی شادی کے موقع کی تصویر شیئر نہیں کی۔ اب کرن جوہر نے انکشاف کیا کہ ادیتیا چاہتے تھے کہ ان کی یہ شادی خفیہ رہے۔ 

کرن نے بتایا کہ شادی کی تقریب میں صرف 18 افراد مدعو تھے اور شادی دونوں کے ہوم ٹاؤن سے باہر ہوئی تھی، کرن نے اب بھی اس مقام کے بارے میں بتانے سے انکار کیا۔ 

کرن کا کہنا تھا کہ ادیتیا پوری دنیا میں ان کے سب سے قریبی دوست ہیں (کرن اور ادیتیا آپس میں کزن ہیں) اور جب شادی ہونے کو تھی تو ہم دونوں نے اس پر کافی گفتگو کی۔ 

تاہم ادیتیا نے مجھے سختی سے منع کرتے ہوئے دھمکایا کہ یہ معاملہ بالکل خفیہ رکھنا ہے اور اگر بات باہر نکلی تو اس کے ذمہ دار صرف تم ہوگے۔ 

کرن جوہر نے کہا کہ جب وہ شادی میں شرکت کے لیے گئے تو انہوں نے والدہ سے دروغ گوئی کی اور انہیں بھی یہ نہیں بتایا کہ میں کہاں ہوں۔ 

یاد رہے کہ رانی مکھرجی سے قبل ادیتیا چوپڑا نے پائل کھنہ سے شادی کی، جو 2009 میں ختم ہوگئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید