کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کا پلیئر ڈرافٹ بدھ13دسمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا۔ پاکستان سپر لیگ کی فی الحال ممکنہ تاریخ8 فروری سے 24مارچ ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے لئے کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ٹریڈ ہوا، آل راؤنڈر عماد وسیم اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے جبکہ رواں سیزن میں فاسٹ بولر حسن علی کراچی کنگز کیلئے کھیلیں گے۔ لاہور قلندرز کے مرزا طاہر بیگ اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس اور کراچی کنگز کے میر حمزہ گولڈ سے سلور کیٹگری میں چلے گئے ہیں۔دریں اثناءپی ایس ایل9کیلئے انگلینڈکے جیمز ونس نےخود کو رجسٹرڈ کرا لیا ۔ پی ایس ایل ڈرافٹ کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن 30نومبر تک جاری رہے گی۔ تاہمتاریخ میں توسیع کا امکان ہے ۔پلیئر ڈرافٹ کے لیے ِپک آرڈر کو اس ماہ حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ڈرافٹ میں پہلا کھلاڑی ِپک کرنا ہے۔پلاٹینم کیٹگری کے لیے پہلے راؤنڈ کا سلیکشن آرڈر پچھلے سیزن کی آخری ٹیم سے پہلی ٹیم کی اسٹینڈنگ کے مطابق ہوگا۔ پاکستان سپر لیگ میں مقامی کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا عمل دس نومبر کو مکمل ہوچکا ہے۔