بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا کی دہلی سے لندن جانے والی پرواز میں دورانِ سفر چھت ٹپکنے سے برسات ہو گئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بن گئی۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دورانِ سفر بوئنگ بی 787 طیارے کی چھت سے پانی برستا رہا اور مسافر پریشان ہونے رہے۔
اس موقع پر ایئر لائن کا عملہ اور پائلٹ مسافروں کو مستقل یقین دہانی کرواتے رہے کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے یہ پانی اوور ہیڈ اسٹوریج یونٹ سے کیبن میں لیک ہو رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئر انڈیا کے طیارے کے کئی مسافر دورانِ سفر چھت سے برسنے والے پانی کی وجہ سے پریشان نظر آ رہے ہیں۔
بعض نے عملے کے ساتھ مل کر کسی پلاسٹک شیٹ کی مدد سے پانی کو روکنے کی ناکام کوشش کی، تو کسی نے چادر کی مدد سے خود کو بھیگنے سے بچایا جبکہ بیشتر مسافر اپنی سیٹ تبدیل کرنے پر مجبور ہو گئے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بھارتی ایئر لائن کو صفائی ستھرائی کی ناقص سروس کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس سے قبل دورانِ پرواز طیارے میں چوہے پائے گئے تھے۔