استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) سندھ کے رہنما عمران اسماعیل نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے ہونے والی حلقہ بندیوں کو مسترد کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سوائے ایک سیاسی جماعت کے کسی سے کوئی مشاورت نہیں کی۔ تمام سیاسی جماعتیں کہہ رہی ہیں کہ یہ زیادتی کر رہے ہیں۔
استحکام پاکستان پارٹی سندھ کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل نے محمود مولوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سے سات سو سیاسی ورکرز آج آئی پی پی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ آئی پی پی میں شامل ہونے والے تمام کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک جماعت کی نوکری کرتا نظر آرہا ہے جبکہ چیف الیکشن کمشنر اس جماعت کے رکن لگتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی پسند کی حلقہ بندیاں کی گئیں ہیں۔
عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے اعتراضات کیے ہیں مگر ہٹ دھرمی کے ساتھ الیکشن کمیشن سندھ اپنے کام میں ڈٹا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل تک الیکشن کمشنر سندھ کو نہ ہٹایا گیا تو ہمارے وکلا عدالت جائیں گے۔