• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج معدے کو ’’سنگاپورین رائس‘‘ سے بھر دیکھیں

روبینہ شاہد

برسوں پرانی کہاوت ہے کہ ’’مَرد کے دل کا رستہ، معدے سے ہو کر گزرتا ہے۔ پہلے پہل تو یہ کہاوت ہمارے پلّے ہی نہ پڑتی تھی اور جب پلّے پڑی، تو کیا دیکھتے ہیں کہ یہاں تو ہر گلی، محلّے، چوراہے پر پکوان ہی پکوان سجے ہیں۔ شہر کا کوئی علاقہ ایسانہیں، جہاں انواع و اقسام کے پکوان کی دُکانیں، اسٹالز، ہوٹلز، ریسٹورینٹس یا فوڈ اسٹریٹس موجود نہ ہوں، حتیٰ کہ شاپنگ مالز میں بھی’’ فوڈ کورٹس‘‘ وجود میں آ چُکے ہیں اور وہاں بھی ہمہ وقت لوگوں کا رَش ہی لگا رہتا ہے۔ 

نیز، اگر آپ گھر سے باہر نہیں جانا چاہتے اور کھانے پکانے کی جانب بھی طبیعت مائل نہیں ہو رہی، تو بھی کوئی مسئلہ نہیں، کیوں کہ ہوم ڈیلیوری سروس موجود ہے۔ یعنی آپ گھر بیٹھے بیٹھے مَن پسند پکوان کا آرڈر دیں اور کھانا حاضر۔ مطلب، ساری دنیا مَردوں کے دِلوں میں جگہ بنانے ہی پر مامور ہے۔

خیر، اس دَورِ جدید میں بھی کچھ ایسے روایت پسند موجود ہیں کہ جو صرف اپنے گھر کے بنے تازہ کھانوں ہی پر بھروسا کرتے ہیں اور اُن ہی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ نیز، متوسّط اور نچلے متوسّط طبقے سے تعلق رکھنے والے گھرانے بھی اس ہوش رُبا منہگائی کے باعث گھر کے کھانوں ہی کو ترجیح دیتے ہیں، جب کہ غریب کے لیے تو باہر کے کھانے کا تصوّر بھی محال ہے۔ وہ بے چارے تو خیالی پلائو تک نہیں بناتے کہ کہیں اُس پر بھی ٹیکس نہ لگ جائے۔ 

ایسے میں ہم نے سوچا کہ کیوں نہ بازاری کھانوں سے اجتناب برتنے والے قارئین کے ساتھ آج ’’سنگاپورین رائس‘‘ کی ایک شان دار ترکیب شیئر کی جائے، تاکہ وہ اپنے سامنے بنی اس صحت بخش اور مزے دار ڈِش سے لطف اندوز ہو سکیں۔ 

واضح رہے، یہ ڈِش آپ اُس صورت میں بھی تیار کر سکتے ہیں کہ جب گھر میں اُبلے ہوئے چاول بچ رہے ہوں۔ نیز، اگر گاجر، شملہ مرچ، بند گوبھی اور ہری پیاز میں سے کوئی ایک شے گھر میں موجود نہ ہو، تو بھی اس ڈِش پر کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔ تو آئیے ، یہ سنگاپورین رائس مرحلہ وار تیار کرتے ہیں۔

پہلا مرحلہ

اجزاء: کوکنگ آئل ایک پیالی،لہسن10جوئے،سبز مرچ 6عدد

ترکیب: لہسن چھوٹے ٹکڑوں میں اور سبز مرچیں لمبائی میں کاٹ لیں۔ ایک برتن میں تیل گرم کریں۔ پہلے اس میں لہسن ڈالیں، رنگ بدلنے لگے، تو ہری مرچیں بھی شامل کر دیں۔ دونوں کو فرائی کر کے، چھلنی سے چھان کر علیحدہ رکھ لیں۔ اب یہی تیل اگلے مراحل میں استعمال ہوگا۔

دوسرا مرحلہ

اجزاء: بون لیس چکن500گرام (چھوٹی چھوٹی بوٹیوں کی شکل میں)،لال مرچ پِسی ہوئی ایک چائے کا چمچ یا حسبِ ذائقہ ،لہسن ، ادرک کا پیسٹ دوکھانے کے چمچ،گرم مسالا پائوڈرآدھا چائے کا چمچ،زیرہ پائوڈرآدھاچائے کا چمچ، کَٹی ہوئی پیازایک عدد( چھوٹی سی)، نمک حسبِ ذائقہ، کیچپ چار کھانے کے چمچ، چلی گارلک ساس تین کھانے کے چمچ،سویا ساس ایک کھانے کا چمچ،ہاٹ ساس ایک کھانے کا چمچ، بگھار کا بچا ہوا تیل چار کھانے کے چمچ یا آدھی پیالی۔

ترکیب: سب سے پہلے چکن دھوکے، چھلنی میں ڈال کر خشک کر لیں۔ پھر ایک برتن میں نکال کر اُس میں لال مرچ، نمک، لہسن، ادرک کا پیسٹ، گرم مسالا پائوڈر اور زیرہ پائوڈر مکس کر کے کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد آدھی پیالی تیل گرم کر کے اُس میں پیاز فرائی کریں اور ساتھ ہی میری نیٹڈ چکن ڈال دیں۔ اُس کے بعد کیچپ، چلی گارلک ساس، سویا ساس، ہاٹ ساس اور چلی ساس ڈال کر کچھ دیر بُھونیں۔ چند منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر چھوڑ دیں تاکہ چکن اچھی طرح گل جائے اور اُس کے بعد چکن کو اُتار کر ایک طرف رکھ لیں۔

تیسرا مرحلہ

اجزاء: کوکنگ آئل چار کھانے کے چمچ (دوچمچ ابلتے ہوئے چاولوں اور دو نوڈلز میں ڈالنے کے لیے، چاول (عُمدہ والے) 500 گرام، اسپیگیٹیز یا انڈے والے نوڈلز200گرام۔

ترکیب: سب سے پہلے چاول آدھے گھنٹے تک بھگو کر اُبالیں اور پھر چھان کر ایک طرف رکھ دیں۔ اس دوران اسپیگیٹیز یا نوڈلز بھی اُبال لیں۔ پھر چھلنی میں رکھ کر اوپر سے ٹھنڈا پانی ڈالیں اور جب سارا پانی نکل جائے، تو ایک طرف رکھ دیں۔

چوتھا مرحلہ

اجزاء: گاجردو عدد(پسندیدہ شکل میں کَٹی ہوئی)،شملہ مرچ کَٹی ہوئی( بڑی ہو تو ایک، چھوٹی ہو تو دو عدد)،بند گوبھیآدھا کپ (باریک کَٹی ہوئی)،ہری پیازدو عدد(سفیداور سبز حصّہ الگ الگ کاٹ کر رکھ لیں)لہسن چھ جوے (باریک کَٹے ہوئے)، زیرہ آدھا چائے کا چمچ،لال مرچ آدھاچائے کا چمچ (کُٹی ہوئی )، نمکآدھاچائے کا چمچ یا حسبِ ذائقہ،سفید سرکہ ایک سے ڈیڑھ کھانے کا چمچ، بچا ہوا تیل دو کھانے کےچمچ (ضرورت پڑنے پر ایک چمچ بڑھا بھی سکتی ہیں)

ترکیب: سب سے پہلے ایک برتن میں تیل گرم کریں۔ پھر اس میں لہسن ڈال دیں اور رنگ بدلنے لگے، تو زیرہ بھی شامل کر دیں۔پھر کَٹی ہوئی مرچ ڈال دیں۔ اس کے بعد ایک سے دو منٹ تک پیاز کا سفید حصّہ اور گاجر فرائی کریں۔ پھر بند گوبھی اور شملہ مرچ ڈال کر ایک سے دو منٹ تک فرائی کریں۔ 

اس کے بعد پیاز کا ہرا حصّہ اور اُبلی ہوئی اسپیگیٹیز یا نوڈلز شامل کر دیں۔ انہیں دو چمچوں کی مدد سے اچّھی طرح مکس کریں اور پھر سفید سرکہ بھی ڈال دیں۔ آخر میں حسبِ ضرورت نمک ڈالنے کے بعد مکس کرکے اتارکر ایک طرف رکھ دیں۔

پانچواں مرحلہ

اجزاء: مایونیز ایک کپ،کیچپآدھا کپ،چلی گارلک ساس چار چائے کے چمچ، سویا ساس ایک کھانے کا چمچ،کالی مرچ آدھاچائے کا آدھا چمچ یا حسبِ ذائقہ، نمک حسبِ ذائقہ، چینی ایک چُٹکی، دودھ حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے مایونیز اچھی طرح پھینٹ لیں۔ پھربقیہ اجزاء باری باری شامل کر کے مکس کر لیں۔ یوں ایک گاڑھا ساپیسٹ تیار ہو جائے گا۔ اب اس میں دودھ شامل کر کے اتنا گاڑھا کریں، جتنا آپ کو مناسب لگتا ہے اور اسے کیچپ کی کون بوتل میں بَھر لیں۔

چھٹا مرحلہ

ایک کُشادہ اور گہری سرونگ ڈِش میں سب سے پہلے چاول ڈالیں اور باقی چیزوں کے لیے اوپر جگہ خالی چھوڑ دیں۔ اب اس کے اوپر کون بوتل سے مایونیز کا پیسٹ پھیلائیں۔ اس کے بعد اسپیگیٹیز یا نوڈلز کے ساتھ مکس کی گئی سبزیاں ڈالیں۔ 

پھر اس پر چکن کی بوٹیاں بچھائیںاور بگھارے لہسن ، ہری مرچیں بھی ڈال دیں۔ آخر میں کون بوتل میں موجود مایونیز پیسٹ سے سجاوٹ کردیں ۔لیجیے، لاجواب سنگاپورین رائس تیار ہیں۔ گھر بیٹھے بغیر ٹکٹ، ویزا سنگاپور کے کسی شان دار اور منہگے ریسٹورینٹ کا لُطف اٹھائیں۔

واضح رہے کہ اپنی سہولت اور پسند کے مطابق مراحل کی ترتیب بھی تبدیل کی جا سکتی ہے۔

اِک سال گیا، اِک سال نیا ہے آنے کو…

سنڈے میگزین کا سلسلہ ’’ایک پیغام، پیاروں کے نام‘‘ ایک دل کی آواز، دوسرے دل تک پہنچانے کے ساتھ مختلف مواقع پر کئی خُوب صُورت رشتوں کے دِلی جذبات کی عکّاسی و ترجمانی بھی کرتاہے۔ اب چوں کہ ’’سالِ نو 2024ء‘‘ کی آمد آمد ہے، لہٰذا اگر آپ بھی اپنے پیاروں کے لیے کوئی بھی پیغام (نثر یا شعر کی صُورت) بھیجنا چاہیں، تو ہمیں درج ذیل پتے پر ارسال کردیں۔

ایڈیٹر، ’’سنڈے میگزین‘‘، صفحہ ’’ایک پیغام، پیاروں کے نام‘‘ (سالِ نو اسپیشل ایڈیشن) روزنامہ جنگ، شعبۂ میگزین، اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔

ای میل

sundaymagazine@janggroup.com.pk

یاد رہے، پیغام بھیجنے کی آخری تاریخ17 دسمبر 2023ءہے۔

نوٹ: پیغام بہت مختصر، خوش خط اور جامع ہو، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو موقع مل سکے۔