بھولا کے کردار سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے پاکستانی معروف اداکار عمران اشرف نے خود کو محبت، اعتبار اور اعتماد کے معاملے میں بھولا قرار دے دیا۔
حال ہی میں ان کی سابقہ اہلیہ کرن اشفاق کے دوسرے نکاح کے بعد سے اداکار کے مداحوں کی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں اور کئی مداحوں نے اسی ہمدردی میں ان کی سابقہ اہلیہ، اداکارہ و ماڈل کرن اشفاق کو سیاسی رہنما حمزہ چوہدری سے دوسرے نکاح پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔
اب سوشل میڈیا پر عمران اشرف کے پروگرام سے ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں پروگرام میں شریک ایک خاتون اداکار و میزبان سے کہتی ہیں کہ ’سب آپ کو بھولا، بھولا کہہ رہے ہیں لیکن آپ لگتے تو نہیں ہیں‘۔
پروگرام کی شرکاء کے بےساختہ لہجے اور ان کی بات سن کر اداکار پہلے تو خوب ہنسے اور پھر خود کو سچ مچ کا بھولا قرار دے دیا۔
عمران اشرف نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا یقیناً جب بات آتی ہے محبت کی، اعتبار کی اور اعتماد کی تو میں بہت بھولا ہوں لیکن جب اس کے علاوہ کسی اور معاملے کی بات آتی ہے تو میں ہرگز بھولا نہیں ہوں۔