بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کیارا ایڈوانی نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے دوران اسٹیڈیم میں سابق انگلش فٹبالر ڈیوڈ بیکہم کے ساتھ ہونے والی گفتگو کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔
کیارا ایڈوانی نے حال ہی میں ساتھی اداکار وکی کوشل کے ہمراہ ہدایت کار کرن جوہر کے مشہور ٹاک شو ’کافی وِد کرن‘ کے سیزن 8 میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ڈیوڈ بیکہم سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ڈیوڈ بیکہم کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھی اور اس وقت ہمارے آس پاس کوئی اس بارے میں بات کر رہا تھا کہ جس انداز سے بھارتی ٹیم کھیل رہی ہے اس انداز کے ساتھ بھارتی ٹیم کا ورلڈ کپ میں ناقابلِ شکست ہونا محض خوش قسمتی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ یہ بات ظاہر ہے ڈیوڈ بیکہم نے بھی سنی تو اُنہوں نے مجھ سے کہا کہ یہ قسمت نہیں ہے، یہ کسی کی محنت ہے اور ان کی یہ بات میرے دل کو لگی۔
اُنہوں نے کہا کہ میں ڈیوڈ بیکہم کی اس بات سے اتفاق کرتی ہوں کیونکہ زندگی میں کچھ بھی صرف اتفاق سے نہیں ہوتا اور نہ ہی یہ سب کچھ ہمیں قسمت کے صرف ایک جھٹکے میں مل جاتا ہے، ورلڈ کپ کے بارے میں بات کی جائے تو کامیابی ہمیشہ ٹیم اور بہت سے لوگوں کی محنت، ہنر اور مہارت سے ملتی ہے۔
کیارا ایڈوانی نے کہا کہ اگر کسی کے پاس ہنر نہیں ہے یا وہ محنت نہیں کرتا تو چاہے قسمت کے ستارے اس کے حق میں ہوں، وہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔
واضح رہے کہ تمام ترحربوں اور سازشوں کے باوجود بھارت کا ورلڈ کپ میں جیت کا خواب تعبیر نہ پا سکا اور آسڑیلیا پھر سے کرکٹ کا بادشاہ بن گیا۔
آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میں میزبان بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ عالمی چیمپئن بنا ہے۔