عام انتخابات 2024ء کے لیے مسلم لیگ ن کی راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 اور 57 کے ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ آج ہو گا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ نے امیدواروں کو آج دوبارہ لاہور طلب کیا ہے، این اے 56 اور 57 کے امیدواروں سجاد خان، حنیف عباسی اور دانیال چوہدری کو آج لاہور طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چوہدری تنویر سمیت نواز شریف کے قریبی ساتھی ناصر بٹ کو بھی لاہور طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دانیال چوہدری نے این اے 57 کے ٹکٹ کی خواہش کا اظہار کیا ہے جبکہ سجاد خان بھی حلقہ این اے 57 کے ٹکٹ کے لیے ڈٹ گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ حنیف عباسی نے مشروط طور پر این اے 56 سے ٹکٹ پر آمادگی ظاہر کی ہے، حنیف عباسی نے صوبائی نشست پی پی 16 سے اپنے امیدوار ضیاءاللّٰہ شاہ کے لیے ٹکٹ مانگا ہے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے پارلیمانی بورڈ کو آج ہی ٹکٹوں کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور طلب کی گئی مقامی ن لیگی قیادت پہلے کوآرڈینیشن کمیٹی سے ملاقات کرے گی جس میں پرویز رشید، عطاء تارڑ، طاہرہ اورنگزیب، ملک ابرار اور عمر فاروق شامل ہیں۔