سپریم کورٹ میں آئندہ عدالتی ہفتہ انتہائی اہم ہوگا، ملٹری کورٹس کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل سماعت کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
جسٹس مظاہر نقوی کی درخواستوں پر بھی آئندہ ہفتے سماعت ہوگی، ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کی عدالتی کارروائی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق جسٹس مظاہر علی نقوی کی درخواستوں پر سماعت 15 دسمبر کو ہوگی، جسٹس مظاہر نقوی کی درخواستوں کی سماعت 3 رکنی بینچ کرے گا، جس کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کریں گے، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس مسرت ہلالی بھی بینچ میں شامل ہیں۔
جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔
سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت 13دسمبر کو ہوگی، فوجی عدالتوں سے متعلق انٹرا کورٹ اپیلوں پر لارجر بینچ کرے گا۔
فوجی عدالتوں سے متعلق انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت 9 رکنی لارجر بینچ کرے گا، انٹرا کورٹ اپیلیں وفاقی حکومت، وزارت دفاع کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کے بینچ ون کی عدالتی کارروائی ریکارڈ کرکے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کی تین رکنی کمیٹی کی میٹنگ میں اہم فیصلے کر لیے گئے، تین رکنی کمیٹی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجازالاحسن شامل ہیں۔
پاکستان سے غیر ملکیوں کی بے دخلی سے متعلق آئینی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے، جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 13 دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔