• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: مال آتشزدگی کیس، گرفتار ملزمان 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

کراچی کے سٹی کورٹ نے آر جے مال میں آگ لگنے کے نتیجے میں ہونے والی اموات سے متعلق کیس میں گرفتار ملزمان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

سٹی کورٹ کراچی میں آر جے مال میں آگ لگنے کے مقدمے میں گرفتار 3 ملزمان کو پولیس نے دورانِ سماعت عدالت میں پیش کیا۔

عدالت نے گرفتا ملزمان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ پہلے سے گرفتار دیگر 5 ملزمان کے ریمانڈ میں بھی 3 دن کی توسیع کر دی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، مزید 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، تینوں ملزمان شواہد مٹانےکی کوشش کر رہے تھے۔

سرکاری وکیل عامر منسوب نے عدالت میں کہا کہ ہم نے رپورٹس کے لیے متعلقہ اداروں کو لیٹر لکھا ہے، عمارت کی دستاویزات کی جانچ پڑتال جاری ہے، کسی بھی ذمے دار کو رعایت نہیں دی جائے گی، حسان کو گرفتار کیا تو اس کے قبضے سے ڈی وی آر برآمد ہوا۔

 عدالت نے استفسار کیا کہ ڈی وی آر کیسے برآمد کیا اور اس وقت وہ کہاں تھا؟

اس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ ڈی وی آر شاپنگ مال کی گلی کے اندر سے برآمد کیا گیا ہے۔

وکیلِ صفائی نے کہا کہ حسان کا اس واقعے اور شاپنگ مال سے کوئی تعلق نہیں، سب جھوٹ کہا جا رہا ہے، سرکاری وکیل کو جھوٹ کہنا بھی نہیں آتا۔

وکیلِ صفائی کی جانب سے عدالت سے ملزم کا نام زیرِ دفعہ 63 کے تحت خارج کرنے کی استدعا کی گئی۔

عدالت میں محمد عدنان اور محمد عمران کا نام بھی مقدمے سے خارج کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔

عدالت نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔

عدالت نے کہا کہ پہلے تحقیقات ہونے دیں پھر درخواست دائر کی جائے۔

اس پر وکیلِ صفائی عامر منسوب  نے کہا کہ مقدمے میں پراسیکیوشن خود کہہ رہا ہے کہ میرا موـکل ملوث نہیں۔

بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے پورٹ طلب کر لی۔

قومی خبریں سے مزید