ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنا آخری ٹورنامنٹ کھیلنے والے کپتان اسد شفیق کو کراچی وائٹس کی جانب سے بلے اٹھا کر گارڈ آف آنر دیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
مڈل آرڈر بیٹر اسد شقیق کا کرکٹ کے میدان میں سفر بلوں کے سائے میں اختتام پزیر ہو گیا۔
گزشتہ روز ہونے والے دوسرے نیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ میں کراچی وائٹ نے شاندار پرفارمنس پیش کی اور ایبٹ آباد کو 9 رنز سے شکست دی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کپتان اسد شفیق نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے بعد انہیں ساتھی کھلاڑیوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کراچی وائٹس کے کھلاڑیوں کی جانب سے دیے گئے گارڈ آف آنر کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے تعریفیں سمیٹ رہی ہے۔
صارفین کے مطابق لابنگ اور سیاست سے بھرے نظام کے درمیان اسد شفیق اور اظہر علی ہمیشہ پیشہ ور اور ذمے دار سینیئر کھلاڑی رہے۔
واضح رہے کہ پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر اسد شقیق نے گزشتہ روز ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے لیے کوئی دباؤ نہیں تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی میں شمولیت کی پیشکش کی ہے، تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔
دائیں ہاتھ کے بیٹر اسد شفیق نے تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے 77 ٹیسٹ، 60 ایک روزہ میچز اور 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔