کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کی سیریز کیلئے تین وکٹ کیپرز محمد رضوان ، اعظم خان اور حسیب اللہ کو قومی ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ڈومیسٹک کرکٹ کو بھی عزت مل گئی۔ ٹی ٹوئنٹی کے ریگولر اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان کی موجودگی میں تین مزید اوپنرز صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب اور فخر زمان بھی اسکواڈ کا حصہ بن گئے۔ دنیا بھر کی لیگز میں دھوم مچنے والے جارح مزاج اعظم خان کو مشروط طور پر ٹیم میں شامل کرکے انہیں فٹنس بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن وہاب ریاض کہتے ہیں کہ وہ محنت کررہے ہیں راتوں رات دس پندرہ کلو وزن کم نہیں ہوگا ۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو ڈراپ کردیا گیا ہے ۔ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پاکستان نے چھ فاسٹ بولرز عامر جمال، زمان خان، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، محمد عباس آفریدی اور شاہین آفریدی کو شامل کیا ہے۔ شان مسعود اور فہیم اشرف کے علاوہ نسیم شاہ، احسان اللہ اور شاداب خان انجری کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ منگل کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کنسلٹنٹ کامران اکمل کے ساتھ پریس کانفرنس میں 17رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عباس آفریدی، وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ اور لیگ اسپنر اسامہ میر نے ڈومیسٹک سیزن کے دوران شاندار کارکردگی کے بعد ٹیم میں پہلی مرتبہ شمولیت اختیار کی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی پہلی بار پاکستان اسکواڈ کی قیادت کریں گے۔ یہ سیریز آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کیلئے پاکستان کی تیاریوں میں مدد کرے گی ۔ پاکستانی اسکواڈ 3 جنوری 2024 کو لاہور سے نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگا، ٹیسٹ سیریزکیلئے آسٹریلیا میں موجود پلیئرز 8 جنوری 2024 کو ان کے ساتھ شامل ہوں گے۔ محمد عباس آفریدی نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں 16.43 کی اوسط سے 14 وکٹیں حاصل کیں۔ لیگ اسپنر اسامہ میر کو پہلی بار T20I کے لیے بلایا گیا ہے۔ حسیب اللہ کو پاکستان کپ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ انہوں نے سات میچوں میں 326 رنز دو سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے بنائے، وکٹ کے پیچھے 10 شکار کیے تھے۔ صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹوئنٹی کپ میں 12 میچوں میں 492 رنز ایک سنچری اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے۔ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، عامر جمال، عباس آفریدی، اعظم خان، ابرار احمد، بابر اعظم، فخر زمان، حارث رؤف، حسیب اللہ ، افتخار احمد، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، اسامہ میر، زمان خان۔