• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچ مظاہرین کی گرفتاری، آئی جی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش

اسلام آباد ہائی کورٹ--- فائل فوٹو
اسلام آباد ہائی کورٹ--- فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ کے طلب کرنے پر آئی جی اسلام آباد عدالت میں پیش ہوگئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلوچ مظاہرین کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کے دوران آئی جی اسلام آباد کو عدالت طلب کیا تھا۔

ابتدائی سماعت کے آدھے گھنٹے کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہونے والی سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ صبح بتایا گیا کچھ خواتین کو زبردستی واپس بھیجا جا رہا تھا۔

آئی جی اسلام آباد نے عدالت میں کہا کہ جو واپس جانا چاہتے تھے ان کے لیے بس کا بندوبست کیا گیا تھا، آئی ٹین میں یہ خواتین بچے موجود ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوال کیا کہ کیوں بچے آئی ٹین میں ہیں؟ وہ جہاں بھی جانا چاہیں وہ جا سکتے ہیں، وہ پُرامن احتجاج کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں۔

عدالت میں ہیومین رائٹس کمیشن کے عہدیدار احمد بٹ نے کہا کہ ہماری بچیوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح بسوں میں ڈالا گیا، جمہوری نظام میں احتجاج ہر کسی کا آئینی اور قانونی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو ہمارے بچوں بچیوں کے ساتھ کیا گیا، شاید ایسا پہلے کبھی ہوا ہو، ریاست کو یہ چیز سمجھنے کی ضرورت ہے، جن لوگوں نے یہ کام کیا ان کو سزا ملنی چاہیے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ایک عام آدمی اگر زیادتی بھی کرلے تو پبلک آفس ہولڈر کو دل بڑا کرنا ہے، ہم یہاں روزانہ فیصلے کر رہے ہیں، جس کے خلاف فیصلہ ہوتا ہے تو باہر جا کر ہمارے خلاف بات کرتا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ پبلک آفس ہولڈر کو تدبر کے ساتھ کام کرنا ہوتا ہے لیکن وہ نہیں کر پارہے، میں اس حوالے سے تفصیلی آرڈر پاس کروں گا، آئندہ ہفتے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کیس کی سماعت کریں گے، آپ یقینی بنائیں پھر بھی کوئی ایشو ہو تو میرے آفس کو مطلع کریں۔

عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت دی کہ آئی 10 میں موجود خواتین کو آپ منتظمین کے سپرد کریں۔

اس سے قبل ابتدائی سماعت پر وکیل درخواست گزار عطاء اللّٰہ کنڈی نے کہا تھا کہ ایس پی نے ہمارے وکلاء کو کہا ان لوگوں کو کہیں بسوں میں واپس چلے جائیں، اس معاملے پر ہماری ان سے 3 گھنٹے گفتگو ہوتی رہی، ایس ایس پی نے کہا ہمیں وزیرِ اعظم کی ہدایت ہے کہ انہیں واپس بلوچستان بھیجیں۔

انہوں نے عدالت میں کہا کہ پولیس نے زبردستی تمام خواتین کو بسوں میں سوار کروا دیا، کچھ اسلام آباد میں زیرِ تعلیم طلبہ کو بھی زبردستی بسوں میں بٹھا دیا گیا، بعد ازاں اسلام آباد کی طالبات کو رہا کر دیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سارا معاملہ دیکھ کر ڈرائیورز نے بسیں چلانے سے انکار کر دیا، اس دوران آئی جی اسلام آباد تھانے پہنچے اور کہا کہ کسی طرح ان کو یہاں سے بھیجیں، اس کے بعد پولیس نے تھانے کے دروازے بند کر دیے، صبح 5 بجے پولیس نے بیان دیا کہ انہیں بحفاظت ان کے مقام پر پہنچا دیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوال کیا کہ پولیس کی طرف سے کون پیش ہوا ہے؟

پولیس انسپکٹر اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش ہوئے تو عدالت کی جانب سے پوچھا گیا کہ پھر اب آئی جی کو بلوائیں یا سیکریٹری داخلہ کو بلوائیں؟

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو ہدایت کی کہ تمام لوگ کہاں ہیں؟ عدالت کو آگاہ کیا جائے اور آدھے گھنٹے میں عدالت کو رپورٹ جمع کروائیں۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کر دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید