ڈاکٹر اسلم فرخی۔ شخصیت اور فن
مصنّف: ڈاکٹر جاوید منظر
صفحات: 178، قیمت: 260 روپے
ناشر: اکادمی ادبیات پاکستان، اسلام آباد۔
زیرِ نظر کتاب کے مصنّف ڈاکٹر جاوید منظر بنیادی طور پر شاعر ہیں، لیکن اُنہوں نے ادب کی دیگر جہتوں پربھی بے مثال کام کیا ہے۔ انہوں نے ’’کراچی کے دبستانِ شاعری میں اردو غزل کا ارتقا‘‘ کے موضوع پر مقالہ تحریر کرکے جامعۂ کراچی سے ڈاکٹریٹ کی سند حاصل کی، جس کے نگراں ڈاکٹر اسلم فرخی تھے۔ڈاکٹر جاوید منظر وفاقی اردو یونی ورسٹی کی سینیٹ اور سندیکیٹ کے رُکن بھی رہے، جب کہ ایک زمانے میں انجمن ترقّیٔ اردو پاکستان میں بحیثیت نگراں ادبی وانتظامی امور بھی خدمات انجام دیں۔
ڈاکٹر اسلم فرخی جیسی ہمہ جہت اور ہمہ صفات شخصیت پر قلم اُٹھانا، دریا کو کوزے میں بند کرنے کے مترادف ہے اور ڈاکٹر جاوید منظر نے یہ کام نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیا ہے۔ شاعر، ادیب، نقّاد، محقّق، معلّم، مترجّم، صدا کار اِن تمام خصوصیات نے ڈاکٹر اسلم فرخی کی شخصیت کا حصّہ بن کر اپنے وقار میں اضافہ کیا۔
ڈاکٹر جاوید منظر اُن کے نیاز مند ہی نہیں، شاگرد بھی ہیں اور اُنہوں نے کتاب کو ڈاکٹر اسلم فرخی کے فن اور شخصیت کی تفہیم کے لیے ناگریز بنادیا ہے۔ مصنّف نے ڈاکٹر اسلم فرخی کی زندگی کے ہر پہلو کو نمایاں کیا ہے، اِس لیے اس کتاب نے ایک دستاویز کی صُورت اختیار کرلی ہے۔جب کہ کتاب کا ہر باب حیرتوں کے دریچے وا کرتا ہے۔نیز، ڈاکٹر اسلم فرخی کا جو’’ زندگی نامہ‘‘ دیا گیا ہے، وہ اتنا جامع ہے کہ اسے پڑھ کر اُن کی شخصیت کے تمام گوشے سامنے آجاتے ہیں۔