• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا ٹریکنگ نظام فول پروف بنانے کی ہدایت

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلق ٹریکنگ نظام فول پروف بنانے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم کی زیر صدارت افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور انسداد اسمگلنگ سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اس موقع پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ معاشی مشکلات کی ایک بڑی وجہ اسمگلنگ اور اشیاء کی غیرقانونی نقل و حمل ہے۔

انہوں نے انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ سسٹم کے قیام کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے متعلق ٹریکنگ نظام فول پروف بنایا جائے۔

نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے، کسٹمز کی حساس پوسٹس پر کسی افسر کی تعیناتی سے پہلے انٹیلیجنس کلئیرنس لی جائے۔

انوار الحق کاکڑ نے چیف سیکریٹری بلوچستان کو ہدایت کی کہ ضلع چاغی کی تمام انتظامی مشینری تبدیل کی جائے۔ چمن، طور خم، غلام خان چیک پوسٹس سمیت بلوچستان کے سرحدی علاقوں پر نگرانی سخت کی جائے۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ کارگو کی چیکنگ میں بہتری لائی جائے، چمن بارڈر پر کسٹمز کا عملہ بڑھایا جائے۔

دوران اجلاس افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر تحقیقات کرنے والی انکوائری کمیٹی نے تحقیقات پر وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ایران سے پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، تفتان سے کوئٹہ تک کارگو کی ٹریکنگ کا نظام شروع کیا گیاہے۔

قومی خبریں سے مزید