بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو اچھی طرح جانتا ہوں وہ دو امپائرز کے بغیر میچ نہیں کھیلتا، وہ لندن پلان کے تحت گارنٹی لے کر پاکستان آئے ہیں۔
اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف تصدیق شدہ منی لانڈرر ہے، مریم نواز، شہباز شریف اور آصف زرداری کے کیس کو کوئی نہیں پوچھتا۔
صحافی نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ آپ نے شیخ رشید کی حمایت کیوں نہیں کی؟، جس کے جواب میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اصول بنایا ہے جس نے پارٹی کے خلاف پریس کانفرنس کی اسے ٹکٹ نہیں دیں گے۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ سے کسی غیر ملکی سفیر یا اسٹیبلشمنٹ نے کوئی رابطہ کیا، جس کے جواب میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ غیر ملکی جریدے میں چھپا آرٹیکل وکلاء کو زبانی ڈکٹیٹ کیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ مذاکرات کرنے کو تیار ہیں؟ انہوں نے کہا کہ یہ جو مرضی کرلیں ہم آخری بال تک لڑیں گے۔