جماعتِ اسلامی کے رہنما امیر العظیم نے جمعیت اہلِ حدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الہٰی ظہیر سے ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ صورتِ حال اور انتخابات میں مذہبی جماعتوں کے اتحاد پر تبادلۂ خیال کیا۔
جمعیت اہلِ حدیث پاکستان کے صدر نے این اے 126 پر جماعتِ اسلامی کے امیر العظیم کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے کہا کہ غیر جمہوری قوتوں سے ملک میں تجربات کروا کر ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا گیا، پاکستان کی سلامتی، آئین و جمہوریت کی بالادستی کے لیے اداروں اور عوام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ قوم سیسہ پلائی کی دیوار کی طرح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام مذہبی جماعتیں مل کر ملک میں قرآن و سنت کے نفاذ کے لیے جدوجہد کریں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ جب نیک، دیندار اور علمائے کرام اسمبلیوں میں آئیں گے تبھی یہ معاملات سلجھیں گے۔