پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے پاکستان مخالف بالی ووڈ فلم’فائٹر‘ پر شدید تنقید کی ہے۔
بالی ووڈ کی فلم ’فائٹر‘ کا ٹریلر ریلیز ہوگیا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی فضائیہ پاکستان کے خلاف ایک آپریشن کا منصوبہ بناتی ہے۔
اس فلم کی کہانی میں 14 فروری 2019ء کے پلوامہ حملے سے متعلق حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے جس میں بھارتی اداکار رہتک روشن اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون بھارتی فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئیں گے۔
پاکستان مخالف اس فلم کا ٹریلر دیکھ کر پاکستانی عوام اور شوبز شخصیات برہم ہوگئی ہیں۔
پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے اس فلم کے ٹریلر پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ’یہ جان کر بہت دکھ اور افسوس ہوا کہ آج کے دور میں بھی ایسے فنکار موجود ہیں جو سنیما کی طاقت کو جانتے ہیں لیکن پھر بھی اس کا استعمال کرکے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو مزید ہوا دیتے ہیں‘۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے ان فنکاروں پر افسوس ہوتا ہے جو سنیما کا استعمال نفرت کو پھیلانے کے لیے کر رہے ہیں، یہ انتہائی ناگوار عمل ہے‘۔
اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ’میں پہلے اس فلم کی ریلیز کا انتظار کر رہی تھی لیکن اب نہیں‘۔
اداکارہ نے پلوامہ حملے کے اصل حقائق کی طرف اشارہ کر تے ہوئے لکھا کہ’آؤ ذرا پاکستان پر قبضہ کرنے، چائے پلا پلا کر حساب لیں گے‘۔
اداکار اسد صدیقی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ’وہی پرانا گھسا پھٹا انداز، کیا آپ لوگ وہی جھوٹی بکواس بیچتے ہوئے تھکتے نہیں ہیں؟ اب تو بڑے ہوجائیں، دنیا بہت آگے بڑھ چکی ہے‘۔
اُنہوں نے لکھا کہ’آپ اپنی فلموں کے ذریعے امن کو بھی فروغ دے سکتے تھے، کیا دنیا میں نفرت کم ہے جو آپ فلموں کو بھی نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کرنے میں لگے ہیں‘۔
اسد صدیقی نے لکھا کہ’نفرت کی بجائے پوری دنیا میں امن کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے، آپ اس فلم کے ذریعے کونسا جھوٹ سچ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’پوری دنیا یہ حقیقت جانتی ہے کہ جب آپ کا پائلٹ ہمارے ملک میں گُھسا تھا تو ہم نے اُسے بہت عزت کے ساتھ چائے پلا کر چھوڑ دیا تھا‘۔
اداکارہ حرا خان نے اپنی انسٹا اسٹوری میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پلائی گئی پاکستانی چائے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ لوگ فلم کی کہانی میں ’دی ٹی واز فینٹاسٹک‘ ڈالنا بھول گئے؟
اُنہوں نے طنزیہ انداز میں مزید لکھا کہ آپ لوگ صرف اپنے خوابوں میں ہی پاکستان پر قبضہ کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ فلم’فائٹر‘ کو رواں ماہ کی 25 تاریخ کو سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔