پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان انسداد دہشتگردی مذاکرات کا اسلام آباد میں دسواں دور ہوا، جس میں دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت ڈی جی انسداد دہشتگردی ڈاکٹر فریحہ بگٹی نے کی، یورپی یونین کے انسداد دہشتگردی کیلئے خصوصی ایلچی انا اسٹرز اسکا نے یورپی وفد کی قیادت کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین نے دہشتگردی کی تمام اقسام کی مذمت کی، یورپی یونین نے پاکستان میں حالیہ دہشتگرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ شہریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔
یورپی یونین کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا گیا۔
پاکستان اور یورپی یونین نے افغانستان کی صورتحال کے سیکیورٹی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا اور دہشتگردی کے خلاف عالمی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
انسداد دہشتگردی مذاکرات کا اگلا دور آئندہ سال برسلز میں ہوگا۔