آئی جی پنجاب عثمان انور نے الیکشن 2024ء کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے کہا ہے کہ پنجاب پولیس 8 فروری کے الیکشن کے پُرامن انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
ایک بیان میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ انتخابات کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار نفری لگائی جا رہی ہے، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ کی نفری سیکیورٹی ڈیوٹی پر ہو گی، 10 ہزار سے زائد خواتین پولیس اہلکاروں کو بھی الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کیا جا رہا ہے۔
عثمان انور کا کہنا ہے کہ تمام سیکیورٹی اداروں کی کوآرڈینیشن سے الیکشن کے پُرامن اور شفاف انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہیں، ہوائی فائرنگ، اسلحہ نمائش یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام سیاسی سرگرمیوں پر الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کو ملکی حدود سے نکالا گیا۔