پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ لاہور ایک بار پھر لاڑکانہ کی طرح پیپلز پارٹی کا گڑھ بننے جا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پیغام جاری کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ پنجاب بالخصوص لاہور میں بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کا جس طرح خیر مقدم ہو رہا ہے وہ قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر جگہ، ہر گلی میں بھٹو کے نعرے گونج رہے ہیں، پنجاب کے لوگ روایتی سیاست اور جماعتوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ واضح طور پر پنجاب کے لوگ نفرت، تقسیم اور انتشار کی نہیں بلکہ بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق عوامی اور تعمیری سیاست چاہتے ہیں۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ لوگوں کو الزام تراشی اور ماضی کی سیاست میں اب کوئی دلچسپی نہیں، عوام سنجیدہ سیاست اور نئی قیادت کی طرف دیکھ رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ عوامی مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے 10 نکاتی ایجنڈے اور منشور میں ہے، لہٰذا لوگ 8 فروری کو واضح اکثریت کے ساتھ پیپلز پارٹی کو کامیاب کریں گے۔