امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو مزید حکومت کا موقع مل جائے تو پاکستان کا نام و نشان نہ ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حیدرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے کے نام پر حیدرآباد کے ساتھ دھوکا کیا گیا۔
حیدر آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ آج ایک شہزاد بلاول بھٹو زرداری کہہ رہا ہے مجھے وزیراعظم بنادو۔ اس نظام سے باغی ہیں جس میں آصف زرداری کے کتے اور بلیاں خوش ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنی خواہش کا جواز دیتا ہے کہ مجھے اس لیے بناؤ کیونکہ میرے نانا اور والدہ وزیراعظم رہ چکے ہیں اور والد صدر پاکستان تھے۔
امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ دوسرا لندن سے وطن اس انداز سے واپس آیا ہے، جیسے اُس نے کشمیر فتح کرلیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ لندن سے واپس آنے والے کہتے ہیں، میں 3 بار وزیراعظم رہا ہوں، دل کرتا ہے مجھے ہی چوتھی بار بھی وزارت عظمیٰ مل جائے۔
سراج الحق نے کہا کہ احتساب انصاف کے ادارے کمزور ہیں تو ان کی وجہ سے ہیں، سابقہ حکمرانوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا اپنی معیشت کو مضبوط کیا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر ان کے اثاثے دیکھیں، کیا ان کے دماغ زیادہ ہیں جو ان کے ہی اثاثے بڑھے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فلسطین پر لوہے کی بارش ہو رہی ہے اور ساری انسانیت اس پر رو رہی ہے، ساری دنیا میں ان کے حق میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔
سراج الحق کہا کہ اہل فلسطین پر ہورہے مظالم پر صرف پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) خاموش ہے کیونکہ امریکا ناراض نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 35 سال ڈکٹیٹروں، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور دوسروں کو بھی دیکھا، آج کل پاکستان میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس دورانیے میں کسی نے روٹی کپڑا مکان اور کسی نے ایشین ٹائیگر کے نعرے لگائے، کسی نے تبدیلی کی تو کسی نے عزت کے نعرے بلند کیے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے دور حکمرانی کے باعث کشکول پاکستان کے معاشی نظام کا نشان بن گیا ہے، 10 کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، انسان چاند پر پہنچ گیا ہماری کیا پوزیشن ہے؟
سراج الحق نے کہا کہ ہمارے لئے باعث شرم ہے کہ جہاں 45 سال جنگ رہی آج افغانستان کی کرنسی ہم سے مستحکم ہے، آج پاکستان میں سندھی بلوچی پٹھان پنجابی تو ہے بتایا جائے کہاں ہے امت؟
اُن کا کہنا تھا کہ اللّٰہ نے پاکستان کو زرعی زمین سے نوازا لیکن ہمارا کاشتکار آج بھی بھوکا سوتا ہے، ن لیگ اور پی پی کو مزید حکومت کا موقع مل جائے تو پاکستان کا نام و نشان نہیں ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انڈیا کو ہمارے خلاف ایٹم بم استعمال کرنے کی ضرورت نہیں، ہمارے لئے آستین کے یہ سانپ اور بچھو کافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موٹروے کے نام کے ساتھ حیدرآباد سے دھوکا کیا گیا، 20 سال سے سن رہا ہوں حیدرآباد میں یونیورسٹی چاہیے۔
سراج الحق نے استفسار کیا کہ کیا حیدرآباد میں کوئی بڑی سرکاری یونیورسٹی یا بڑا اسپتال بنا؟ یہاں بڑی بڑی سیمنٹ فیکٹریاں اور ٹیکسٹائل ملز تھیں وہ کہاں گئیں؟