• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول شوق سے پنجاب آئیں، بس دو سوالوں کا جواب دیں، احسن اقبال

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو شکست کی خفت مٹانا چاہتے ہیں، پی پی چیئرمین کو سنجیدہ نہیں لیتے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ بلاول بھٹو بڑے شوق سے پنجاب آئیں، بس ہمارے دو سوالوں کا جواب دیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو بتائیں کیا کراچی، لاہور کے جیسا ہے؟ روشنیوں کا شہر کھنڈر بن چکا ہے۔ دوسرا لاڑکانہ کا مقابلہ نارووال سے کرلیں، اگر لاڑکانہ بہتر ہوا تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اب بتائیں لاہو ر میں کون چاہیے گا کہ لاہور بالکل کراچی جیسا بن جائے؟ ہم تو بلاول بھٹو زرداری کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو شکست کے پیش نظر خفت مٹانے کی کوشش کررہے ہیں، عوام باشعور ہیں سمجھتے ہیں کہ آزاد امیدوار کامیابی کے بعد کہیں بک جائے گا۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ وہی جماعت ہے جس نے عوام کو لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی سے نجات دلائی۔

انہوں نے کہا کہ میرے حلقے میں بڑی تعداد میں لوگ ہمارے ساتھ شامل ہوئے، جنہوں نے پہلے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا، لوگ سمجھ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا کسی اور کا ایجنڈا ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 9 مئی کے عمل سے لوگ مایوس ہوکر اب ن لیگ آرہے ہیں، جو آرہے ہیں وہ سنجیدہ لوگ ہیں، جن پر کالا جادو ہے وہ سن سکتے ہیں نہ سوچ سکتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کہہ چکے ہیں کہ کامیابی کی صورت میں نواز شریف وزیراعظم ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید