• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں روانی سے اردو بولنے والی خاتون امریکی سفارتکار تعینات


امریکی محکمہ خارجہ نے جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے ساتھ بہتر روابط کے لیے روانی سے اردو اور ہندی بولنے والی خاتون کو لندن میں ترجمان مقرر کیا ہے۔

مارگریٹ میکلوڈ اس وقت لندن میں امریکی سفارتخانے میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔

مارگریٹ میکلوڈ اردو اور ہندی روانی سے بولتی ہیں اور پاکستان اور بھارت کے بارے میں کافی زیادہ معلومات بھی رکھتی ہیں جو کہ انہوں نے ان ممالک میں بطور سفارت کار کام کرتے ہوئے حاصل کی ہیں۔

لندن میں جیو نیوز کے دفتر کے دورے کے دوران انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ان کے قیام اور وہاں ان کی دوستی نے اردو سیکھنے میں مدد کی۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے مارگریٹ میکلوڈ نے بتایا کہ اردو زبان سیکھتے ہوئے مشکل ہوئی لیکن یہ خوبصورت ہے، ایک انگریزی بولنے والے کے لیے ع غ خ کو ویسے ہی بولنا انتہائی مشکل ہے۔

پاکستان میں خدمات انجام دینے کے وقت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑا خوبصورت ملک ہے، میں نے 2010 سے 2011 تک اسلام آباد میں کام کیا، اس دوران کراچی اور لاہور جانے کا موقع بھی ملا اور یہ دونوں شہر بہت خوبصورت ہیں۔

مارگریٹ میکلوڈ نے بہت ہی روانی کے ساتھ اردو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا سب سے اچھا کھانا ماں کے ہاتھ کا کھانا ہے لیکن مجھے پاکستانی کھانے بھی پسند ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید