پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہم سائفر والی سیاست نہیں کرتے، ملک ہماری ترجیح ہے۔
نیوز کانفرنس میں شیری رحمان نے کہا کہ الیکشن 2024ء کی سرگرمیاں بلاول بھٹو زرداری کی وجہ سے عروج پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن اس لیے ہو رہا ہے کیونکہ پیپلز پارٹی میدان میں آچکی ہے، بلاول بھٹو کے بعد آصفہ بھٹو بھی عوام میں آگئی ہیں۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ آج منشور پبلک کیا جا رہا ہے جو پیپلز پارٹی کے لیے اہمیت کا حامل ہے، ہماری جماعت نے ہمیشہ غریب کا سوچا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم سائفر والی سیاست نہیں کرتے، ملک کو ترجیح دیتے ہیں، نوجوانوں کو اس وقت بہت توجہ کی ضرورت ہے۔
پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہم کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو فائدہ پہنچائیں گے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت سی پیک کی بنیاد آصف علی زرداری نے رکھی۔
انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں یونیورسٹی کا قیام پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے، ہماری ہی پارٹی نے 1973ء کے آئین کو اُس کی اصل شکل میں بحال کیا۔
شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے، غربت اور مہنگائی سے ہر طبقے کے لوگ پریشان ہیں۔