ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان آج رات ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دورے کے دوران حسین امیر عبداللہیان نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان کل وزارت خارجہ میں ملاقات کا امکان ہے، جس کے بعد حسین امیر عبداللہیان اور جلیل عباس جیلانی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران اعلیٰ پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر حالیہ پاک ایران کشیدگی اور کالعدم گروہوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق سرحدی انتظام سمیت متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر پاک ایران تناؤ سے بچنے کےلیے سفارتی رابطے مزید بہتر بنانے پر بھی غور کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک باہمی اعتماد کی بحالی کےلیے اقدامات پر بھی بات چیت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حسین امیر عبداللہیان پاکستان کا دورہ نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر کر رہے ہیں، جو 19 جنوری کو ٹیلیفونک رابطے کے دوران دی گئی تھی۔