مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی خود کو بچانے کےلیے باتوں کا سہارا لے رہے تھے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف پر الزامات کبھی ثابت نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ججوں اور عدلیہ نے بیانات دیے کہ نواز شریف کو سزا کیسے دی گئی۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی خود کو بچانے کےلیے ان باتوں کا سہارا لے رہے تھے، ماضی میں کسی حکمران نے ریاست کی ساکھ کو ایسے نقصان نہیں پہنچایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے معاملے میں تو کوئی موقع ہی نہیں دیا گیا سپریم کورٹ میں ٹرائل کیا گیا۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ یہ تو ہائی کورٹ جائیں گے اور اپیل کریں گے، آج سزا سنائی گئی میں نے حلقے میں کوئی اس کا خاص اثر نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صفوں میں نئے نفوس آئے ہیں، جو ٹائی اور کوٹ شاید سوتے میں بھی نہیں اتارتے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ میرا نہیں خیال کے یہ نئے لوگ پی ٹی آئی کا ووٹ اس طرح لے سکتے ہیں، جیسے ان کے جانے پہچانے چہرے لیتے تھے۔