ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری میں بارش اور برف باری کا سلسلہ آج رات بھی جاری رہے گا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پیر سے جاری اسپیل میں 7 انچ تک برف پڑچکی ہے، آئندہ 24 گھنٹوں تک شدید بارش و برف باری کے امکانات ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارش اور برف باری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہوسکتا ہے، سڑکوں پر نمک کا چھڑکاﺅ کیا جارہا ہے۔
کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی اور کہا ہے کہ ہیوی مشینری کے ذریعے برف کو ساتھ ساتھ ہٹایا جائے۔
ریلیف کمشنر نے کہا کہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے، سیاحوں کو موسم کی مناسبت سے سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نے سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ موسم کی صورت حال کا جائزہ لے کر سفر پر نکلیں، شہری احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔