• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران دور میں ادارہ جاتی ٹیموں کی بندش نے ہاکی کو تباہ کیا، عماد شکیل

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت میں اداروں کی ٹیموں کی بندش اور کھیل کے شعبے کو ختم کرنے سے ملک میں کھیلوں خاص کر قومی کھیل ہاکی کو بہت زیادہ نقصان پہنچا۔بدھ کو جنگ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ کوالیفائیڈ کوچز ہونے چاہئیں ، موجودہ کوچز ناکام ہیں، انہیں جدید ہاکی اور اس میں ہونے والی تبدیلیوں کا ادراک نہیں، اسی طرح ٹیم کے ساتھ کوالیفائیڈ ٹرینر، ماہر غذائیت، اور ڈاکٹر ہونا چاہئے، اولمپکس کوالیفائی راؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل میں گول پر میں نے احتجاج کیا اور ٹیم انتظامیہ کو تجویز دی کہ اس فیصلے پر پروٹیسٹ کیا جائے مگر انہوں نے اسے سنجیدہ نہیں لیا، گول پر احتجاج کا ایک مختصر وقت ہوتا ہے اور 500 ڈالرز فیس جمع کرنا ہوتی ہے مگر ٹیم انتظامیہ نے توجہ نہیں دی، انہوں نے کہا کہ یہ بات غلط ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں گول پر اعتراض کرنے پر مجھ پر ایف آئی ایچ نے ایک ایونٹ کی پابندی عائد کردی تھی جس کی وجہ سے مجھے فائیو اے سائیڈ ایونٹ میں قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، یہ فیصلہ سینئر ٹیم کے دو کوچز کا تھا ۔ اولمپکس میں کوالیفائی نہ کرنے کے ذمے دار کھلاڑیوں سے زیادہ کوچز ہیں، کھلاڑیوں نے اہم میچ میں مسنگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو سینٹرل معاہدے میں 15 سے 20 ہزار روپے ملتے تھے اس رقم سے گھر کیسے چل سکتا ہے، کر کٹ معاہدے میں کرکٹرز کو لاکھوں روپے ماہانہ مل رہے ہیں۔ پچھلے چار سال سے فیڈریشن نے کھلاڑیوں سے کوئی معاہدہ نہیں کیا، اس وقت مختلف ٹور نامنٹس اور ڈیلی الاؤنس کی مد میں کھلاڑی کو 20 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم نہیں مل سکی ہے، پچھلے کئی سالوں سے پی ایس ایل کی طرز پر ہاکی لیگ کرانے کی تجویز دے رہا ہوں اس سے کھلاڑیوں کے مالی مسائل حل ہوں گے اور نئے کھلاڑی بھی سامنے آئیں گے۔

اسپورٹس سے مزید