پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ نیو کراچی میں زخمی کارکن پارٹی کی کارنر میٹنگ میں شریک تھے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
سعید غنی نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کارنر میٹنگ میں مصروف تھے، خطرہ محسوس کرتے ہوئے انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا ہی گیا تھا کہ میٹنگ کے مقام پر فائرنگ کردی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بڑھتی مقبولیت نے ایم کیو ایم کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے۔
واضح رہے کہ نیو کراچی سیکٹر11جے میں پی پی اور ایم کیو ایم کے درمیان جھگڑے کا مقدمہ پی پی کارکن یوسف کی مدعیت میں نیو کراچی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں ایم کیو ایم کے 3 کارکنان اور 15 سے 20 نامعلوم افراد نامزد کیے گئے ہیں، مقدمے میں انسداد دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، فائرنگ اور ڈنڈے کے وار سے 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوئے تھے، زخمیوں میں 12سالہ عبدالرحمان، 16سالہ رحمان اور 40 سالہ شریف شامل ہے۔