کراچی میں رات کو ہونے والی تیز بارش کے بعد قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے مرکزی دروازے سے پانی نہیں نکالا جا سکا۔
انتظامیہ کی جانب سے نکاسیٔ آب کے لیے کوئی انتظام نہیں کیا گیا، اسپتال کے گیٹ کے سامنے پانی کے باعث مریضوں کو لانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی میں رات کی بارش کے بعد ریڈ زون سے پانی کی نکاسی نہ کی جا سکی، ضیاء الدین روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ اور گورنر ہاؤس کے قریب سڑک پر پانی جمع ہے، بعض دفاتر میں لوگوں کو رات گزارنا پڑی۔
اس کے علاوہ ایم اے جناح روڈ پر کے ایم سی بلڈنگ، نیپا چورنگی، شاہ فیصل کالونی شمع شاپنگ سینٹر پر بھی پانی کی نکاسی نہیں ہو سکی۔
شارعِ فیصل، گرومندر، فائیو اسٹار چورنگی اور صفورا سمیت شہر کی بیشتر سڑکیں کلیئر کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مطلع ابر آلود ہے، آج پورے دن وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں موجودہ درجۂ حرارت 19.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ شمال مشرق کی سمت سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دن کے اوقات میں ہوائیں 20 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں، شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 92 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔