مصنّف: منیر احمد منیر
صفحات: 164، قیمت: 700 روپے
ناشر: آتش فشاں، 78 ستلج بلاک، علّامہ اقبال ٹاؤن، لاہور۔
فون نمبر: 4332920 - 0333
منیر احمد منیر تحریکِ پاکستان اور بانیٔ پاکستان سے متعلق کئی کتب تحریر کرچُکے ہیں، زیرِ نظر کتاب بھی اِسی سلسلے کی کڑی ہے۔ اِس میں اُنھوں نے تقسیمِ ہند کے بعد پاکستان آنے والے کئی ایسے خاندانوں کی داستانیں قلم بند کی ہیں، جنھوں نے ہجرت کے دوران بہت صعوبتیں برداشت کیں، یہاں تک کہ اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے پیاروں کو خون میں نہاتے یا خود سے بچھڑتے دیکھا۔ اِن داستانوں میں وہ حالات بھی بیان کیے گئے ہیں، جن کی وجہ سے والدین کو اپنی جوان بچیاں کنوؤں کی نذر کرنی پڑیں۔
اِس ضمن میں منیر احمد منیر کا کہنا ہے کہ’’اگر قائدِ اعظم محمّد علی جناح کی بات مان لی جاتی، تو فضا خون خرابے، اغوا اور انسانی اقدار کی بے حرمتی سے پاک رہتی۔ 30 اپریل 1947ء کو اُنھوں نے بنگال اور پنجاب کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی تھی کہ وائسرائے اور حکومتِ برطانیہ اِس جال میں نہیں پھنسیں گے۔‘‘