• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی امین گنڈا پور کا اسلام آباد کا دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور— فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور— فائل فوٹو

وزیرِ اعلی خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد کا دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

مانسہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ ہر وقت عوام بھی دھرنے میں ہوں، دھرنا بانیٔ پی ٹی آئی کی کال پر دیا گیا اور ان ہی کی کال پر واپس ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو پُرامن احتجاج کی اجازت نہیں دی جاتی، جب ہمارے لوگ سڑکوں پر نکلتے ہیں تو ان کے ساتھ جبر کیا جاتا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی کال تک یہ دھرنا جاری رہے گا، ہماری پارٹی کے ساتھ جبر کیا گیا، ہم پر بے بنیاد مقدمے بنائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا لیڈر جیل میں ہے، اس کی اہلیہ کو بھی جیل میں ڈالا گیا، ہمارا دھرنا جاری ہے اور بانیٔ پی ٹی آئی کی کال تک یہ دھرنا جاری رہے گا، ہم ایک پُرامن پارٹی ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں ہمیشہ آئین کی بالادستی کی بات کی، ڈھائی سال سے ہماری جماعت کو ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا گیا لیکن پُرامن طریقے سے اپنے حق کی بات کی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب بھی ہم جلسے جلوس کی بات کرتے ہیں تو اجازت نہیں دی جاتی، ہمیں عدالتوں سے بھی انصاف نہیں مل رہا، ہم نے اسلام آباد مارچ کے لیے پُرامن احتجاج کی کال دی، بانیٔ پی ٹی آئی نے ہمیں ڈی چوک جانے کی اجازت دی، سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ دھرنا جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران ہمارے متعدد لوگ شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے، ہم پُرامن تھے، ہم پر تشدد اور گولیاں کیوں برسائی گئیں؟ ہم پر تشدد نہ ہوتا تو ہمارے لوگ بھی آگے سے جواب نہ دیتے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مجھ پر 9 مئی کے مقدمات درج ہیں، کوئی ایک ویڈیو دکھا دیں جہاں میں ہوں، جس ملک میں وزیرِ اعلیٰ کو انصاف نہ مل سکے عام پاکستانیوں کی کیا اوقات ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم پر گولیاں برسا کر اسے غلام نہیں بنایا جاسکتا، کارکنوں پر تشدد کی ایف آئی آر اپنی مدعیت میں درج کراؤں گا، ہم پر براہِ راست گولیاں برسائی گئیں، یہ صوبہ اپنا مینڈیٹ اور اپنا حق لینا جانتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر براہِ راست حملہ ہوا اور میرے اغواء کی کوشش کی گئی، مجھ پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی گئی، ہمارے جتنے ورکرز شہید ہوئے ان کے خاندان کے لیے ایک ایک کروڑ روپے کا اعلان کرتا ہوں۔

علی امین گنڈاپور کی اعلیٰ حکام سے اہم میٹنگ

اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کی سرکٹ ہاؤس مانسہرہ میں اعلیٰ حکام سے اہم میٹنگ ہوئی۔

ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور سے میٹنگ میں کمشنر اور ڈی آئی جی بھی موجود تھے، مانسہرہ اسٹیڈیم میں پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور ممکنہ طور پر بذریعہ ہیلی کاپٹر مانسہرہ سے پشاور جائیں گے۔

خیبر پختون خوا کے چیف سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بھی ہنگامی بنیادوں پر طلب کرنے کے بعد اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے۔

یاد رہے کہ پہلے پی ٹی آئی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے لیے 11 بجے کا وقت دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات تحریکِ انصاف نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جس کے بعد وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور، عمر ایوب اور بانئ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی مانسہرہ پہنچ گئے تھے۔

اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم کے بھائی تیمور سلیم نے تصدیق کی تھی کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور اسلام آباد سے مانسہرہ پہنچے ہیں۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے تیمور سلیم خان نے یہ بھی بتایا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ بشریٰ بی بی اور عمر ایوب خان بھی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید