کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا، ان کی جگہ رائیلی روسو نئے کپتان جبکہ سعود شکیل نائب کپتان ہوں گے۔ سرفراز احمد نے منگل کو لاہور میں ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں بطور کپتان شر کت کی تھی، سرفراز احمد بحیثیت کھلاڑی پی ایس ایل 9 میں ایکشن میں ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق شین واٹسن کی تجویز پر سرفراز احمد کپتانی سے دسبردار ہوئے ہیں۔ اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا تھا کہ سرفراز احمد کپتانی سے بریک لینا چاہتے ہیں ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی میں بہت بڑا حصہ انہی کا ہے، البتہ بدقسمتی سے گذشتہ 3،4 سال میں فرنچائز کی کارکردگی اوپر نیچے ہوتی رہی، اس بار ٹیم اچھی بن گئی۔ خوشی ہے کہ سر ویوین رچرڈز آ رہے ہیں، پی ایس ایل میں ہمارے ڈگ آؤٹ میں شین واٹسن اور معین خان دونوں موجود ہوں گے، البتہ واٹسن کو مکمل آزادی دیں گے کہ وہ جو چاہیں کریں۔