الیکشن کمیشن نے این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کی عذرداری بحال کردی۔
الیکشن کمیشن میں نواز شریف کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ پر عذرداری کی بحالی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی، اس موقع پر نواز شریف کے وکیل جہانگیر جدون الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
جہانگیر جدون نے کہا کہ میری تاخیر سے آمد پر عذرداری مسترد کی گئی، این اے 15 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہیں ہوئی، کئی پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی گنتی کے بغیر فارم 47 جاری کیا گیا۔
ممبر نثار درانی کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسر نے این اے 15 کی رپورٹ جمع کروائی ہے، رپورٹ کےمطابق تمام پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 کی بنیاد پر فارم 47 جاری کیا گیا۔
جہانگیر جدون نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمیں موقع دے ثابت کریں گے کئی پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ نہیں گنے گئے، ہمارے پاس تمام پولنگ اسٹیشنز کے اوریجنل فارم 45 موجود ہیں۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کی درخواست منظور کر کے عذرداری بحال کردی اور اب اس حوالے سے سماعت 20 فروری کو ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے نواز شریف کی انتخابی عذرداری کی درخواست اور کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا مسترد کردی تھی۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے متعلق نواز شریف کی انتخابی عذرداری پر الیکشن کمیشن میں سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی تھی۔