سندھ ہائیکورٹ میں عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس جاب ڈاکٹرز کا وظیفہ بڑھنے کی درخواست پر میئر کراچی و دیگر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا گیا۔
عدالت عالیہ سندھ نے عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس جاب ڈاکٹرز کی درخواست سماعت کے دوران میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو کے ایم سی 45 ہزار وظیفہ دے رہی ہے۔
درخواست میں مزید بتایا گیا کہ سندھ حکومت کی تمام سرکاری اسپتالوں میں ہاؤس جاب ڈاکٹرز کا وظیفہ 69 ہزار ہے۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان (ایس سی پی) بھی حکم دے چکی ہے، اس کے مطابق ہمارا وظیفہ مقرر کیا جائے۔
دوسری طرف وکیل میئر کراچی ملک الطاف نے کہا کہ کےایم سی کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے وظیفہ نہیں بڑھاسکتے، کراچی بلدیہ خود مختار باڈی ہے، جس پر صوبائی قانون کا اطلاق نہیں ہوتا۔
دوران سماعت عدالت نے میونسپل کمشنر فنانس کو بھی توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا اور کہا کہ کیوں نا مرتضیٰ وہاب اور افضل زیدی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 8 مارچ تک ملتوی کردی۔