• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں سمجھتا ہوں اس وقت کمشنر راولپنڈی کا طبی معائنہ ہو رہا ہوگا، حنیف عباسی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 56 سے منتخب ہونے والے امیدوار حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت کمشنر راولپنڈی کا طبی معائنہ ہو رہا ہوگا، انہوں نے ریٹائرمنٹ سے پہلے ہیرو بننے کی کوشش کی ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے انتخابات سے متعلق گفتگو کی ہے اس پر ردعمل دینا ضروری ہے، انہوں نے جھوٹ پر مبنی گفتگو کی ہے، کمشنر راولپنڈی کا حالیہ انتخابات میں قانونی طور پر کوئی کردار نہیں، چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر دونوں پر الزامات لگادیے گئے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ میں کمشنر راولپنڈی کے پاس رات کو تھا، کمشنر راولپنڈی نے میری کامیابی کے نوٹیفکیشن پر ماشاءاللّٰہ لکھا، کل شام کمشنر آفس میں تھا انہوں نے ایک اجلاس میں شرکت کی دعوت دی، ان پر کسی قسم کا دباؤ نظر نہیں آیا، ملاقات میں مجھ سے کمشنر راولپنڈی نے ڈپریشن کی میڈیسن سے متعلق پوچھا تھا، میں نے کہا کہ میں ڈاکٹر نہیں آپ کسی ڈاکٹر سے معلوم کریں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے ہمارے تمام امیدواروں کو مبارکباد دی، کمشنر راولپنڈی نہ آر او ہیں نہ ڈی آر او ہیں، آئینی اور قانونی طور پر ان کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کی طرف دھکیلنے میں کمشنر نے اپنا کردار ادا کیا۔ 10 دن بعد کمشنر راولپنڈی کا ضمیر اچانک کیسے جاگا ہے؟

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ ملک کو سیاسی عدم استحکام میں دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کمشنر راولپنڈی عالمی طاقتوں کی  اس سازش کا حصہ بنے ہیں۔ الیکشن ٹریبونل میں نتائج سے متعلق دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے 2013 اور 2018 میں بھی مینڈیٹ چھینا گیا تھا، اب ہم ن لیگ کا مینڈیٹ چھیننے نہیں دیں گے، آپ کے پی میں جیتے واہ واہ ، آزاد امیدوار جیتے تو واہ واہ۔

قومی خبریں سے مزید