• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی تحقیقات کا کل سے آغاز



الیکشن کمیشن آف پاکستا ن (ای سی پی) کی خصوصی کمیٹی سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کی تحقیقات کل سے شروع کرے گی۔

ذرائع کے مطابق ای سی پی کمیٹی راولپنڈی ڈویژن کےتمام ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسران کے بیانات قلم بند کرے گی۔

اس دوران راولپنڈی ڈویژن کے 6 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) کے بیانات قلم بند کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق خصوصی کمیٹی قومی اسمبلی کے 13 اور صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات بھی ریکارڈ کرے گی۔

راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور مری کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے بیانات قلم بند ہونگے۔

گزشتہ روز نئے کمشنر راولپنڈی سیف انور جپہ نے راولپنڈی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سابق کمشنر لیاقت علی چٹھہ کے الزامات مسترد کرتے ہوئے انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ حالیہ انتخابات میں کمشنر کا کوآرڈی نیشن کے علاوہ کوئی تعلق نہیں۔

اس موقع پر راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور تلہ گنگ کے ڈی آر اوز نے کہا کہ انتخابات نہایت شفاف اور درست انداز میں ہوئے، ان پر کوئی دباؤ نہیں تھا۔

نگراں وزیرِاعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے الزامات کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید