سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تحریک انصاف چھوڑنے پر پچھتاوے کا اظہار کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران عمران اسماعیل نے کہا کہ پی ٹی آئی چھوڑنا غلطی اور کمزوری تھی، مجھے پارٹی نہیں چھوڑنی چاہیے تھی۔
دورانِ گفتگو سابق گورنر سندھ نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ دل سے نہیں کیا تھا، تحریک انصاف دباؤ میں آکر چھوڑی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے سیاست نہیں چھوڑی، ریٹائرڈ ہرٹ سیاستدان والی زندگی گزار رہا ہوں۔
عمران اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ میں نے کوئی استعفیٰ نہیں دیا اور نہ ہی استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کو باقاعدہ جوائن کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے بعد بہت سارے لوگوں نے پی ٹی آئی چھوڑی، جب آئی پی پی بنی ہمیں دعوت دی گئی تھی، دوستوں کی مدد کرنے گئے تھے۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ کسی نے پریشر میں تو کسی نے مرضی سے پی ٹی آئی کو چھوڑا، کسی نے پارٹی چھوڑ کر سیاست سے علیحدگی کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو چھوڑنا میرے دل کا فیصلہ نہیں تھا، دماغ کا تھا، میں تحریک انصاف بنانے والوں میں سے ہوں، اس وقت میں کسی سیاسی جماعت میں فعال نہیں۔
عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ جنہوں نے پی ٹی آئی کو نہیں چھوڑا، ان کا اپنا فیصلہ تھا، آئی پی پی، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز بنے یا کوئی اور جماعت بنے یہ لوگوں کا حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے جو بھی ذمے داران ہیں اُن کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے لیکن اس معاملے میں کئی معصوم لوگ پکڑے گئے۔