• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی انتظامیہ راس آگئی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا فاتحانہ آغاز، پشاور زلمی ہدف پانے میں ناکام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نئی ٹیم مینجمنٹ راس آگئی، پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں اتوار کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سخت مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 16 رنز سے شکست دے دی۔ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کی جگہ رائیلی روسو کو کپتان اور معین خان کی جگہ شین واٹسن کو کوچ مقرر کیا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنا سکی، کپتان بابر اعظم نے 68 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔ مگر یہ اننگز ٹیم کو ناکامی سے نہ بچاسکی۔ بابرا عظم اور صائم ایوب نے زلمی کو 91 رنز کا ز بردست آغاز فراہم کیا، اوپننگ شراکت کے دوران محسوس ہورہا تھا کہ وہ ہدف حاصل کرلیں گے لیکن صائم ایوب کے رن آؤٹ نے پانسہ پلٹ دیا اور پھرگلیڈی ایٹرز کے بولرز نے میچ پر کنٹرول حاصل کرلیا۔ کوئٹہ کے سعود شکیل کو 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا، قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 206 رنز بنائے، جیسن رائے 75، سعود شکیل 74 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔سعود شکیل نے اوپننگ کی اور حیران کن اسٹروکس کھیلے، ان کی 47 رن ز کی اننگز میں چارچھکے اور چھ چوکے شامل تھے، رائے اور سعود نے پہلی وکٹ پر 157 رنز بنائے۔ سعود شکیل کو 33 میچز بینچ پر بیٹھنے کے بعد سپر لیگ میں پہلا بار کھیلنے کا موقع ملا۔ انہوں نے اپنا انتخاب درست ثابت کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کپتان رائیلی روسو 13، شیرفن ردرفورڈ20 اور محمد وسیم 4 رنز بناسکے، خواجہ نافع 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور کی جانب سے سلمان ارشاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، لیوک ووڈ اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز جارحانہ رہا، اوپنر بابر اعظم اور صائم ایوب کے درمیان 91 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ صائم ایوب 26 گیندوں پر 42 رنز بناکر بد قسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد محمد حارث 7، ٹام کوہلر18، پوویل 17اور موزلے نے 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 42 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی مگر وہ بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 190 رنز بناسکی اور یوں کوئٹہ نے میچ 16 رنز سے اپنے نام کرلیا۔ کوئٹہ کی جانب سے ابرار احمد نے 2 جبکہ محمد عامر، عقیل حسین اور وسیم جونیئر ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اسپورٹس سے مزید