ثناءتوفیق خان، ماڈل کالونی، کراچی
ایک سے کھانے کھا کھا کے طبیعت کیسی اوب سی جاتی ہے۔ بعض گھروں میں تو اس حوالے سے بہت ہی یک سانیت پائی جاتی ہے کہ چار ڈِشز میاں جی نہیں کھاتے، چار صاحب زادے کو پسند نہیں اور چار کو دیکھ کے بٹیا رانی منہ بسورنے لگتی ہے۔ لے دے کے چند ایک ڈِشز ہی رہ جاتی ہیں، تو ایسے میں بے چاری خاتونِ خانہ اُنہیں ہی اُلٹ پلٹ کر آزماتی رہتی ہیں۔
ہماری مانیں، اللہ کی عطا کردہ سب نعمتوں سے مستفید ہوا کریں، یوں بھی ایک ’’متوازن ڈائٹ پلان‘‘ تب ہی بنتا ہے، جب ہر نعمت چکھنے کی عادت ہو۔ جیسا کہ بعض لوگوں کا سبزی کا نام سُنتے ہی منہ اُتر جاتا ہے، جب کہ ہمارے خیال میں تو اُس سے بڑا بدنصیب ہی کوئی نہیں، جس نے زندگی میں کبھی حیدر آبادی بگھارے بینگن نہیں کھائے۔ تو چلیں، آج ’’اسپیشل سنڈے لنچ‘‘ کے لیے ہمارے ساتھ مل کر بگھارے بینگن ہی نہیں، فرائیڈ رائس اور دودھ جلیبی پیالا بھی بنائیں۔
حیدرآبادی بگھارے بینگن
اجزا(بگھارکے لیے): سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، میتھی دانہ چھے دانے،ثابت لال مرچ، چھے عدد، کڑی پتاچھے عدد۔
اجزا (بھرنے والے مسالے کے لیے): ثابت دھنیاتین کھانے کے چمچ، خشخاش تین کھانے کے چمچ، ہری مرچ چارعدد، سفید تل تین کھانے کے چمچ، سفیدزیرہ دوکھانے کے چمچ، مونگ پھیلی پندرہ سے بیس دانے، ناریل پساہواتین کھانے کے چمچ، پیاز ایک عدد چھوٹی۔
اجزا (گریوی کے لیے): پیاز چار عدد (درمیانے سائز کی) پسی ہوئی، چھوٹے گول بینگن چار عدد، ہلدی ایک کھانے کا چمچ، لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، کلونجی ایک چائے کا چمچ، املی کا رس ایک کپ، ادرک،لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ ،ہری مرچ ثابت چارعدد۔
ترکیب: بینگن دھو کر ٹھنڈے پانی میں آدھے گھنٹے کے لیے بھگو دیں۔ پیاز کے علاوہ تمام بَھرنے والے مسالے توے پر بُھون کر باریک پیس لیں۔ (یاد رہے، خشخاش کو پہلے دھو کر سُکھا لینا ہے)ہری مرچوں اور پیاز کو چھلکے سمیت چولھے پر بھون لیں، یہاں تک کہ پیاز کا رنگ کالا ہو جائے اور مرچیں بالکل خشک ہو جائیں ۔ خشک مسالا،پیاز اور ہری مرچیں پیس کرپیسٹ بنا لیں۔ بینگنوں میں چارکٹ لگائیں ، لیکن وہ ڈنٹھل سے الگ نہ ہوں۔ پھر ان میں مسالا بَھر لیں۔ جوبچ جائے، وہ سائیڈ پر کر دیں۔
اب ایک کپ تیل گرم کریں، اس میں بھگار والے مسالے ڈال کر دومنٹ کڑکڑائیں۔ پھر گریوی والی پیاز اور تمام پِسے ہوئے مسالے ڈال کر خُوب اچھی طرح بھون لیں۔ اس کے بعد اس میں مسالا بَھرے بینگن رکھ دیں اور دم کی آنچ پر پکائیں۔ ساتھ وقفے وقفے سے املی کا رس ڈال کے چمچ چلاتی جائیں، چمچ سائیڈ سے چلانا ہے ، ورنہ بینگنوں کا مسالا باہر آجائے گا۔ آہستہ آہستہ بینگنوں کا رخ بھی بدلیں۔ جب اچھی طرح گل جائیں، تو سائیڈ پر رکھا ہوا مسالا ، ہری مرچیں اور کلونجی ڈال کر تیل اوپر آنے تک پکائیں۔ لیجیے ، خوش رنگ ،لذیذ حیدرآبادی بینگن تیار ہیں۔
چائنیز فرائیڈ رائس
اجزا: شملہ مرچ دو عدد، گاجردوعدد، ہری پیاز کے پتّے چار عدد، بند گوبھی کٹی ہوئی چوتھائی کپ، مٹر کے دانے چوتھائی کپ، انڈے دو عدد، ٹماٹر دوعدد، نمک حسبِ ذائقہ،چکن پائوڈر ایک چائے کا چمچ، کالی مرچ ایک چائے کا چمچ، لال مرچ ایک چائے کا چمچ، چاول تین کپ یا تین پائو، تیل فرائی کے لیے۔
ترکیب: تمام سبزیاں دھوکے چوکوریا جولین شکل میں کاٹ لیں اور دو چمچ تیل میں فرائی کر لیں۔ دو منٹ بعد ان میں نمک، لال مرچ پائوڈر اور ٹماٹر باریک باریک کاٹ کےڈال دیں اور دو سے تین منٹ تک مزید فرائی کریں۔ اب ایک دوسرے برتن میں چاول ابال لیں اور اُن میں فرائیڈ سبزیاں ملا دیں۔ چاولوں کو دَم پر رکھ دیں۔ اس کے بعد دو انڈےلیں، اُن میں نمک ، کالی مرچ اور زردہ رنگ ملا کر فرائی کرلیں۔ فرائی کرنے کے بعد چھوٹے چھوٹے پیسز میں کاٹ کر چاولوں میں مکس کر دیں ۔ جھٹ پٹ فرائیڈ رائس تیار ہیں۔
دودھ جلیبی پیالا
اجزا: دودھ ایک لیٹر، جلیبی آدھا کلو، چینی یا گُڑکی شکرحسبِ ذائقہ، ہری الائچی چارعدد، زعفران ایک چٹکی، بادام ، پستہ، ناریل(باریک کٹا ہوا)حسبِ ضرورت،کھویاحسبِ ضرورت۔
ترکیب: دودھ ابال لیں اور اُس میں الائچی پاؤڈر اور زعفران ڈال کر ہلکی آنچ پر اتنا پکائیں کہ تین پاؤ تک رہ جائے۔ اب اس میں چینی ، میوہ جات ڈال کے چولھا بند کردیں۔ ایک پیالا نما برتن میں جلیبیاں رکھ کر اس پر یہ گرم گرم دودھ ڈالیں اور اوپر سے کھوئےاور پستے، بادام ،ناریل سے سجا دیں۔