اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس آج بروز بدھ شام 4بجے طلب کر لیا ۔ وزیر داخلہ کابینہ کو سیکورٹی فورسز پر حملوںجانی و مالی نقصانات پر بریفنگ دینگے اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگائے جانے کی تجویز پر بھی غور کئے جا نے کا امکان ہے ۔کابینہ پی ٹی آئی کے احتجاج سے پیداشدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے اہم فیصلوں کی منظوری دے گی۔ذرائع کے مطا بق کابینہ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی، امن و امان کی صورتحال بالخصوص اسلام آ باد ہائی کورٹ کی جانب سے احتجاج کی اجازت نہ دینے کے با وجود اسلام اآ باد میں پی ٹی آ ئی کے پر تشدد احتجاج اورحکومتی حکمت عملی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔وزیر داخلہ سنیٹر محسن نقوی کابینہ کو پی ٹی اآئی کے احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز پر مظاہرین کی جانب سے حملوں میں سیکورٹی اہل کاروں کی شہادتوں اور زخمی ہونے کے علاوہ سر کاری املاک کے نقصانات پربریفنگ دیں گے۔