• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2024ء کا دوسرا مہینہ ختم ہونے میں چند روز باقی ہیں۔ اگر ہم نے تا حال اپنے اہداف متعیّن نہیں کیے اور نہ ہی کوئی پلاننگ کی ہے، تو یہ سال بھی گزشتہ برسوں کی طرح ہی گزر جائے گا اور ہم اپنے مقاصد تک پہنچنے میں ناکام رہیں گے۔ زیرِ نظر مضمون میں ذاتی، پیشہ ورانہ اور سماجی پہلوئوں کا احاطہ کرتے ہوئے ایک جامع منصوبہ بنانے کے لیے رہنمائی کی جارہی ہے۔چاہیں، تو آپ بھی اس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

منصوبہ بندی کی اہمیت:

واضح رہے کہ زندگی کے کسی بھی شعبے میں ایک جامع منصوبہ بندی ہی ہمارے راستے روشن کرتی ، ہمیں اپنے اہداف پر نظر رکھنے میں مدد دیتی ہے اور مشکل فیصلے کرنے میںمعاون ثابت ہوتی ہے۔ لہٰذا، کام یابی کے حصول کے لیے ایک ٹھوس اور قابلِ عمل منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔

خود شناسائی : جب تک آپ کو اپنے مقاصد کا علم نہیں ہو گا، آپ کبھی بھی کام یاب نہیں ہو سکتے۔ اپنی شخصیت کے طاقت وَر اور کم زور پہلوئوں کا جائزہ لیں۔ اس خود شناسی سے آپ کو اپنے لیے ایک مؤثر منصوبہ بنانے میں بہت مدد ملے گی۔

اہداف کا تعین :اپنے اہداف کا تعیّن کرنے کے بعد اُنہیں لکھ کر بھی اپنے پاس محفوظ کر لیں۔ خیال رہے کہ تمام اہداف قابلِ حصول اور ایک مخصوص ٹائم لائن سے منسلک ہونے چاہئیں۔ اہداف لکھنے سے آپ اُن پر توجّہ مرکوز رکھ سکتے ہیں اور اپنی پیش رفت کا جائزہ بھی لے سکتے ہیں۔

صحت مند طرزِ زندگی: دیر پا ترقّی کے لیے اپنی ذہنی و جسمانی صحت کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے صحت بخش غذا کھائیں، ورزش کریں اور بھرپور نیند لیں۔ ان عوامل کے نتیجے ہی میں آپ کو اپنی پوری استعداد اور صلاحیت سے کام کرنے میں مدد ملے گی۔

ذہنی سکون :عصرِ حاضر کی مصروف زندگی میں ذہنی سکون برقرار رکھنا خاصا مشکل کام ہے۔ تاہم، آپ مراقبے، یوگا یا پیدل چلنے جیسی سرگرمیوں میں حصّہ لے کر خود کو زیادہ سے زیادہ پُر سکون رکھ سکتے ہیں۔

پیشہ ورانہ ترقّی:پیشہ ورانہ ترقّی کے لیے بھی آپ کو سب سے پہلے اپنے کیریئر کے ضمن میں واضح اہداف کا تعیّن کرنا ہو گا۔ یعنی آپ اپنے کیریئر میں کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ کیا آپ موجودہ ملازمت میں رہتے ہوئے ترقّی چاہتے ہیں؟ نئی ملازمت تلاش کرنا چاہتے ہیں یا اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں؟ اپنے اہداف کو واضح طور پر لکھیں اور ان کے حصول کے لیے منصوبہ بندی کریں۔

نتِ نئی مہارتیں سیکھیں :خود کو نِت نئی مہارتوں سے آراستہ کرنا، اپنے کیریئر میں آگے بڑھنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ آپ مختلف آن لائن کورسز، ورکشاپس یا سیمینارز میں حصّہ لے کر خود کو وقت کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے ساتھ اپنی مہارتوں میں بھی اضافہ کر سکتے ہیں۔

نیٹ ورکنگ :پیشہ ورانہ ترقّی کے لیے اپنے پروفیشنل نیٹ ورک کو وسعت دیں۔ اس مقصد کے لیے مختلف کانفرنسز، سیمینارز اور دیگر پیشہ ورانہ ایونٹس میں شرکت کریں۔ یاد رہے کہ اپنے پیشے سے وابستہ نِت نئے افراد سے ملنے اور رابطہ قائم کرنے سے آپ کو اپنے کیریئر میں آگے بڑھنے میں معاونت مل سکتی ہے۔

معاشی ترقّی: معاشی ترقّی کے لیے آپ کو آمدنی کے نئے ذرایع تلاش کرنا ہوں گے اور اس ضمن میں مختلف آن لائن پلیٹ فارمز خاصے کارگر ثابت ہو سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ آپ کا معاشی طور پر خوش حال ہونا نہ صرف آپ کے لیے بلکہ مُلک و قوم کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

سماجی ترقی: رشتوں کو مضبوط بنائیں۔اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ روابط کو فروغ دیں۔ ان کے ساتھ وقت گزاریں۔ ان کی مدد کریں اور اُنہیں اس بات کا احساس دلائیں کہ آپ اُن سے لگائو رکھتے ہیں۔

معاشرے کی خدمت :اپنے معاشرے کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ رضا کار تنظیموں میں شمولیت اختیار کریں، ضرورت مندوں کی مدد کریں اور اپنے ارد گرد کا ماحول صاف رکھیں۔

سیکھتے رہیں :سیکھنے کا عمل ہمیشہ جاری رکھیں۔ روز کچھ نہ کچھ نیا پڑھیں، نئے لوگوں سے ملیں اور نئے تجربات کریں۔ اس طرح آپ کو ایک بہتر انسان بننے میں مدد ملے گی۔

2024ء کی منصوبہ بندی کے لیے ایک جامع کیلنڈر:

سب سے پہلے ہمیں اپنے مقاصد کا علم ہونا ضروری ہے کہ ہمیں زندگی میں حاصل کیا کرنا ہے، ہم اس وقت کہاں ہیں اور ہماری منزل کیا ہے۔ اورپھر اسی کے تحت اپنی سالانہ منصوبہ بندی کریں اور پھر ماہانہ اور یومیہ پلان بھی بنائیں۔

1 - سالانہ منصوبہ بندی، 2 - ماہانہ منصوبہ بندی، 3 - ہفتہ وار کی منصوبہ بندی،4 - یومیہ منصوبہ بندی ۔

اچھی عادات اپنائیں اور اُن پر قائم رہیں۔اپنے سالانہ اہداف حاصل کرنے کے لیے روزانہ کی عادات تشکیل دیں اور پھر اُن پر قائم رہیں۔ یہی عادات آپ کو بہ تدریج آپ کے مقاصد تک پہنچانے میں مدد دیں گی۔ چاہے وہ پڑھنے کی عادت ہو، ورزش کی یا صحت بخش کھانا کھانے کی۔ اور ان عادات پر قائم رہنا ہی آپ کو کام یابی سے ہم کنار کرے گا۔

ذیل میں روزانہ کے معمولات کا ایک شیڈول پیش کیا جا رہا ہے، جسے ہر فرد اپنی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق ترتیب دے سکتا ہے۔

صبح:6:00-7:00 بجے:طلبہ، پڑھائی یا اسکول کی تیاری کریں۔ بزنس مین، ورزش، ای میلز چیک کریں، خبریں پڑھیں۔ ملازمت پیشہ فرد:ناشتہ تیار کریں، گھر کے کام نمٹائیں۔

7:00-8:00 بجے:ناشتا کریں،اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزاریں۔(تمام افراد کے لیے )

8:00-12:00 بجے: طلبہ، کلاسز، لائبریری میں پڑھائی کریں۔بزنس مین،دفتر میں کام، میٹنگزنمٹائیں۔ملازمت پیشہ افراد، دفتر ی امور انجام دیں، گاہکوں سے ملاقاتیں کریں۔

دوپہر 12:00-1:00 بجے: ظہرانے /آرام کا وقفہ (سب کے لیے)۔

1:00-4:00 بجے:طلبہ ،گروپ اسٹڈی، کھیل کود، پسندیدہ مشاغل میں شمولیت اختیار کریں۔ بزنس مین،ای میلز ، کالز کے جواب دیں ، منصوبہ بندی کریں۔ ملازمت پیشہ افراد،شام کے امور ، کورسز یا دیگر سرگرمیاں انجام دیں۔

شام4:00-5:00 بجے:چائے/اسنیکس کا اہتمام کیا جائے، اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزاریں یا تفریح وغیرہ کریں۔ (سب کے لیے )

5:00-7:00 بجے: طلبہ، شام کا کھانا کھائیں ، گھر کا کام یا مشق کریں۔بزنس مین ،شام کا کھانا کھائیں، دوستوں/خاندان کے ساتھ وقت گزاریں۔ملازمت پیشہ افراد، شام کا کھانا کھائیں، آرام کریں یا کوئی بھی صحت بخش سرگرمی انجام دیں۔

رات7:00-9:00 بجے:پڑھنے لکھنے، ٹیلی ویژن دیکھنے یا دیگرمشاغل پر وقت صرف کریں۔(سب کے لیے)

9:00-11:00 بجے:اگلے دن کی منصوبہ بندی، سونے کی تیاری کریں۔(سب کے لیے)

یاد رہے کہ اس دُنیا میں موجود ہر شخص کام یاب ہو سکتا ہے۔ بس، ضرورت صرف اس اَمر کی ہے کہ اپنی سوچ، رویّوں اور طرزِ عمل و طرزِ زندگی میں تبدیلی لائی جائے۔دُنیا کے کام یاب افراد کو رول ماڈل مان کر ، اُن کے نقشِ قدم پر چلنے کی سعی کی جائے ، نہ کہ ناکام افراد کی صحبت میں وقت برباد کیا جائے۔