• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ: عام انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج کرنے کا تحریری حکمنامہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے عام انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ 

اس حکمنامے میں کہا گیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے نوٹس فراہمی کی وزارتِ دفاع کی رپورٹ سے آگاہ کیا۔ نوٹس درخواست گزار کی خاندان میں سے ایک خاتون نے وصول کیا۔

سپریم کورٹ نے حکم نامے میں کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج اور متعلقہ ایس ایچ او کے مطابق نوٹس کی تعمیل نہیں ہوسکی، رپورٹس کے مطابق نوٹسز کی کاپیاں درخواست گزار کے دروازے پر لگادی گئیں۔ 

اس میں کہا گیا کہ درخواست گزار آج کی سماعت میں پیش نہیں ہوئے، سپریم کورٹ کی فکسیشن برانچ کو درخواست گزار کی ای میل موصول ہوئی۔ درخواست گزار نے اپنا کیس واپس لینے کی استدعا کی، درخواست گزار نے اپنے آرمی رینک سے متعلق حقائق کو چھپایا۔

حکم نامے میں یہ بھی کہا کہ درخواست گزار نے اپنے آرمی کے سابقہ عہدے کو شہرت کے لیے استعمال کیا، درخواست گزار نے اپنے بیرون ملک جانے کی وجوہات سے بھی آگاہ نہیں کیا۔ درخواست گزار کا رویہ بتاتا ہے اس نے آئینی ادارے کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔

سپریم کورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار 30 دن میں سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کو ڈھائی ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ دے گا، حکومت یقینی بنائے کہ درخواست گزار اپنے نام کے ساتھ عہدے کا استعمال نہ کرے۔


قومی خبریں سے مزید