• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قلندرز پر ناکامیوں کا سایہ، تیسرا میچ بھی ہار گئے، ملتان کی تیسری جیت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان سلطانز نے کپتان محمد رضوان اور افتخار احمد کی دھواں بیٹنگ سے لاہور قلندر زکوپانچ وکٹ سے شکست دے کر پی ایس ایل میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ لاہور قلندرز ناکامیوں کے سائے سے جان نہ چھڑاسکے اور تینوں میچ ہارگئے ہیں ۔ ملتان نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر 166رنز کے جواب میں پانچ وکٹ پر 170رنز بناکر فتح سمیٹی ، رضوان نے 82رنز 59گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں سے بنائے۔ رضوان نے اپنی خوبصورت بیٹنگ سے اسامہ میر کی گیند پرڈوسین کو اسٹمپ کرنے کا موقع ضائع کرنے کا ازالہ بھی کردیا۔ افتخار احمد نے 11گیندوں پر 34رنز کی ناقابل شکست طوفانی اننگز کھیلی۔ ان کے اسکور میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ ڈیوڈ ولے نے 25رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ ملان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ریزا ہینڈرکس 9 رنز بناسکے ۔لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی نے25 اور زمان خان نے52رنز کے عوض دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں لاہور قلندر کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 5 وکٹ پر 166رنز بنائے ۔ وین ڈر ڈوسن 54رنز بناکر نمایاں رہے۔ انہوں نے37گیندوں کا سامنا کیا جس میں چار چوکے اور دو چھکے بھی شامل تھے، فخر زمان نے 36گیندوں پر دو، چوکے، دو چھکے کی مدد سے41رنز بنائے۔ سکندر رضا نے 23، جہانداد خان نے 16رنز بنائے ۔ عبداللہ شفیق 6 اور کارلوس بریتھویٹ 15رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ ملتان کیلئے محمد علی نے28رنز کے عوض 2، عباس آفریدی اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی۔

اسپورٹس سے مزید