بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے معروف آنجہانی گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کی والدہ کے ہاں جَلد ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔
بھارتی میڈیا ’نیوز 18‘ کے مطابق سدھو موسے والا کے خاندانی ذرائع نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ کانگریس رہنما اور گلوکار شبھدیپ سنگھ سدھو موسے والا کے والدین اپنے خاندان میں ایک نئے فرد کے اضافے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
’انڈین ایکسپریس ڈاٹ کام‘ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سدھو موسے والا کی والدہ چرن کور حمل سے ہیں اور آئندہ ماہ وہ ایک بچے کو جنم دینے والی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آنجہانی گلوکار کے والدین نے ابھی تک کوئی باضابطہ طور پر بیان نہیں دیا ہے جبکہ خاندانی ذرائع نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا کی والدہ 58 اور والد 60 سال کے ہیں۔
یاد رہے کہ 2022ء کی 29 مئی کو بھارتی پنجاب کے علاقے مانسا ضلع سے کانگریس کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑنے والے گلوکار سدھو موسے والا کو قتل دیا گیا تھا۔
سدھو موسے والا ناصرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں خاص طور پر نوجوانوں میں بے حد مقبول تھا، سدھو موسے والا اپنے گانوں کی کمپوزنگ اور پروڈیوس کرنے کے لیے جانا جاتا تھا۔
سدھو موسے والا کو پنجابی کے امیر ترین گلوکاروں میں بھی شمار کیا جاتا تھا۔